اپوزیشن کے الزامات مسترد، کورونا وائرس پر سیاست درست نہیں، زمرک اچکزئی

کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء وصوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے اپوزیشن جماعتوں کی حکومت پر الزامات کومسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ نوول کورونا وائرس ایک عالمی وباء ہے،ایسے مسائل پرسیاست کرنادرست نہیں،اپوزیشن کو کورونا وائرس پر سیاست کی بجائے حکومت کے ساتھ مل کر اس عالمی وباء کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں کور کمیٹی بنائی گئی جس کی نگرانی جام کمال خود کررہے ہیں،اگر ضرورت پڑی تو عوام کو ہرممکن سہولیات فراہم کرینگے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان حکومت نے محدود وسائل میں رہتے ہوئے کورونا وائرس کے روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں جو قابل تحسین ہیں انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کی بلوچستان حکومت پر الزامات سمجھ سے بالاتر ہے حکومت کورونا وائرس کے حوالے سے ناکام نہیں ہے بلکہ جو وسائل تھے ان سے زیادہ بلوچستان حکومت نے اقدامات اٹھائے ہیں جب ایرانی حکومت نے اجازت دی تو بلوچستان حکومت کی ذمہ داری بنتی تھی کہ پاکستانی باشندوں کو واپس پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت دی تھی وفاقی حکومت نے بھی زائرین کو آنے کی اجازت دی،تفتان میں بلوچستان حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر وارڈز بنائے جس کیلئے کسی بھی صوبے نے بلوچستان حکومت کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کیا بلوچستان حکومت نے اقدامات کرکے زائرین کو ان کے صوبوں تک پہنچایا۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان حکومت اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں محدود وسائل میں رہتے ہوئے تفتان بارڈر کے بعد چمن بارڈر پر نوول کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے قرنطینہ سینٹر قائم کردیاگیاہے اس کے علاوہ ہرڈویژن کیلئے فنڈز جاری کردئیے گئے ہیں۔کورونا وائرس ایک عالمی وباء ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا متاثر ہورہی ہیں انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ وہ حکومت کاساتھ دیں مگر بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں اپنی سیاسی ساکھ کو بچانے کیلئے حکومت کونشانہ بنا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کو چاہیے کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان دن رات ایک کرکے کورونا وائرس کے حوالے سے اقدامات اٹھا رہے ہیں اور ان کی قیادت میں کور کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں وزراء اور بیوروکریسی بھی شامل ہیں اور کورونا وائرس کے حوالے سے تمام تر انتظامات کی نگرانی وزیراعلیٰ بلوچستان خود کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں