وزیراعلی بلوچستان نے محکمہ تعلیم میں تقرریوں و تبادلوں کا نوٹس لے لیا

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے محکمہ تعلیم بلوچستان میں تقرریوں اور تبادلوں کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے ذرائع کے مطابق سیکرٹری حکومت بلوچستان محکمہ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ کو محکمہ سیکنڈری ایجوکیشن میں حالیہ دنوں میں ہونے والے متعصبانہ تبادلے کے عنوان سے انڈر سیکرٹری سروس 2 کے دستخطوں سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بحوالہ عنوان بالا زیر دستخطی کو یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یہ بیان کرے کہ حکام بالا کے علم میں آیا ہے کہ آپ کے محکمہ میں اساتذہ کی مختلف کیٹیگریز کے تقرر و تبادلہ سے متعلق بے شمار نوٹیفکیشن جاری ہو رہے ہیں جو کہ مبینہ طور پر ذاتی پسند و نا پسند اور سیاسی وجوہات کی باعث کئے جا رہے ہیں حکام بالا نے اس بات کو بھی انتہائی سنجیدگی کے ساتھ محسوس کیا ہے کہ حال ہی میں آپکے محکمہ میں اساتذہ کی تقرریوں اور تبادلوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اندریں بارہ زیردستخطی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس مسئلہ پر حکام بالا کی تشویش سے متعلق آپ کو آگاہی دے اور آپ سے درخواست کرے کہ اس معاملہ میں ہر حال میں اندر تین یوم اپنے نکتہ نظر سے بمعہ محکمہ سیکنڈری ایجوکیشن میں ہونے والے متذکرہ بالا تقرریوں اور تبادلوں سے متعلق ٹھوس وجوہات بیان کرکے ان کے منصفانہ ہونے کو ثابت کرئیں تاکہ آپ کے نکتہ نظر کی بابت عزت مآب وزیراعلیٰ و گراں قدر چیف سیکرٹری کو آگاہ کیا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں