افغانستان، سیکورٹی فورسزکی کاروائی میں 10جنگجو ہلاک

افغانستان میں سیکورٹی فورسز کی کاروائیوں میں 10طالبان عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔پیر کو یہاں فوج کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے مشرقی صوبہ وردک کے ضلع سید آباد میں سکیورٹی چو کیوں کو نشانہ بنانے کے لئے طالبان عسکریت پسندوں کی منصوبہ بندی ناکام بناتے ہوئے فضائی حملوں کے نتیجے میں 3 جنگجو ہلاک کر دئے گئے ہیں۔ اتوار کی شب ضلع سید آباد کے علاقے سالار میں طالبان عسکریت پسندوں کا ایک گروپ سکیورٹی چو کیوں پر حملہ کرنے کے لئے جمع ہوا تھا، تاہم جنگی طیاروں نے پیشگی کارروائی کرتے ہوئے شدت پسندوں کے اس اجتماع کو نشانہ بنایا اور 3 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا، جبکہ باقی افراد کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس شورش زدہ ضلع میں سکیورٹی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنانے کی طالبان کی تیاریوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔سکیورٹی حکام کے مطابق طالبان جنگجو، جنہوں نے اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں، ابھی تک ان اطلاعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ ادھر مشرقی صوبہ لغمان کے ضلع دولت شاہ میں طالبان عسکریت پسندوں کے حملے کو پسپا کر دیا گیا ہے اور باغی 7 لاشیں پیچھے چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں۔فوج نے ایک بیان میں کہا کہ عسکریت پسندوں نے ضلع دولت شاہ میں زمین پر قبضہ کرنے کیلئے اتوار کی شب سیکورٹی چوکیوں پر حملہ کیا لیکن علاقے میں موجود سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 7 عسکریت پسند موقع پر ہی ہلاک اور دیگر پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گئے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ جوابی کارروائی کے دوران 3 ٹینک شکن بارودی سرنگوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود کو برآمد کر کے تباہ کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں