بلوچستان میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی تعلیم فراہم کرنے کاسلسلہ شروع کیا جارہاہے، سردار یار محمد رند
کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے پالیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان نے آئی کیپ اور نجی شعبے کے اشتراک سے صوبے میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی تعلیم فراہم کرنے کاسلسلہ شروع کیا جارہاہے جسکی کی کلاسوں کا آغاز کوئٹہ میں جنوری میں ہوگا حکومت صوبے کے نوجوان طلباء طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ روزگار کے بہترین مواقعے فراہم کر رہی ہے،20گرلز کالجز کی پرنسپل کو گاڑیاں فراہم کردی گئی ہیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ہاشم غلزئی،سمیع اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سردار یارمحمد رند نے کہاکہ حکومت بلوچستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ بلوچستان کے صوبہ بننے کے بعد پہلی بار چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی تعلیم فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے یہ ہمارے نوجوان طلباء وطالبات کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے جسے آج پورا کردیا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے اس وقت صرف 25چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ رجسٹرڈ ہیں پہلے مرحلے میں آئی کیپ اور نجی شعبے کے اشتراک سے بلوچستان یونیورسٹی کے سٹی کیمپس میں جنوری سے کلاسوں کا آغاز کیا جائیگا جبکہ پانچ سال بعد نجی ادارہ اپنی عمارت سمیت دیگر تمام ترانتظامات کرکے باقاعدہ کالج تعمیر کریگا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلباء بیرون ملک اور صوبے سے باہر تعلیمی اخراجات پورے کرنے سے قاصر تھے جسکی وجہ سے وہ تعلیم ادھوری چھوڑ دیتے تھے اب انہیں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی ڈگری کے لئے صوبے سے باہر نہیں جانا پڑیگا، انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے فروغ کے لئے طلباء کو ہر ممکن سہولت مہیا کر رہی ہے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ہاشم غلزئی نے کہا کہ بلوچستان میں پہلی بار 20گرلز کالجز کی پرنسپل کو گاڑیاں مہیا کی جارہی ہیں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی تعلیم کے دوران ہی طلباء کو نوکریوں کے مواقع میسر آئیں گے ابتدائی طور پر کالج کو بلوچستان یونیورسٹی کے سٹی کیمپس کی عمارت میں جگہ فراہم کی گئی ہے جسے چلانے کے تمام تراخراجات آئی کیپ اور نجی ادارہ برداشت کریں گے


