بھارتی اداکاررجنی کانت کا سیاست میں آنے کا اعلان

معروف بھارتی اداکار رجنی کانت نے سیاسی میدان میں داخل ہونے یا نہ ہونے سے متعلق تین سال سے گردش کرنے والی قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے سیاست میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

جمعرات کے روز ایکشن ہیرو رجنی کانت نے اعلان کیا کہ وہ اپنی ریاست تامل ناڈو میں کرپشن سے پاک حکومت لانا چاہتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اگلے ماہ جنوری میں اپنی سیاسی جماعت کے قیام کا بھی اعلان کیا جو آئندہ سال ہونے والے ریاستی انتخابات میں حصہ لے گی۔

رجنی کانت نے تین سال قبل دسمبر 2017 میں اعلان کیا تھا کہ وہ سیاسی جماعت بنائیں گے اور ریاستی اسمبلی کا انتخاب لڑیں گے، لیکن اس کے بعد سے اس سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی تھی جس سے یہ تاثر ابھرا کہ شاید وہ سیاست میں آنے کے لیے تیار نہیں۔

رواں برس مارچ میں انہوں نے اپنا تین نکاتی ایجنڈا واضح کیا اور خود کو وزارت اعلیٰ کی دوڑ سے باہر رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پارٹی کو حکومت سے علیحدہ رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ ایک ایسی کونسل بنائیں گے جو ایک نوجوان اور باصلاحیت وزیر اعلیٰ کا انتخاب کرے گی، حکومت کی کارکردگی پر نظر رکھے گی اور جماعت کے ہزاروں عہدوں کو ختم کریں گے۔

رجنی نے اکتوبر میں ایک لیک ہونے والے بیان کے ردعمل میں تصدیق کی کہ انہیں صحت کے مسائل درپیش ہیں اور ڈاکٹروں نے تجویز کیا ہے کہ کرونا (کورونا) وائرس کی موجودگی میں انتخابی مہم چلانا اور لوگوں سے ملنا ان کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ اس بیان سے ان کے سیاست میں آنے سے متعلق تحفظات کو تقویت ملی کہ اس کا امکان شاید کم ہو تاہم سیاسی پنڈتوں کے مطابق وہ انتخابات میں کوئی کردار ضرور ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں