اقتدار کا مزہ لوٹنے والے استعفیٰ نہیں دینگے،قاسم سوری

ڈیرہ مراد جمالی : قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکرو پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء قاسم خان سوری نے کہا کہ اقتدار کا مزہ لوٹنے والے کبھی بھی اسمبلیوں سے استعفیٰ نہیں دے سکتے استعفوں کے حوالے سے محض سیاسی شوشہ چھوڑا جارہا ہے پی ڈی ایم کی تحریک اپنی کرپشن اور چوری بچانے کے لیے چلائی جا رہی ہے حکومت ان کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی چوری اور کرپشن کرنے والوں کو حساب دینا ہوگا موجودہ وفاقی حکومت نے بلوچستان کو تاریخ میں پہلی مرتبہ چھ سو ارب روپے کا پیکیج دے کرحکومت نے بلوچستان سے احساس محرومی اور پسماندگی کا تہیہ کر رکھا ہے موجودہ وفاقی حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن وسائل برئے کار لارہی ہے کچھی کینال کے ادھورے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے حکومت نے اقدامات اٹھائے ہیں کچھی کینال کی مکمل تکمیل سے بلوچستان کے لاکھوں ایکڑ اراضی سیراب ہوگی علاقے میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف نصیرآباد کے ضلعی رہنما ء میر مولا بخش رند کی جانب سے گوٹھ ہادی بخش رند نصیرآبادمیں استقبالیہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میر لیاقت علی لہڑی سردار خادم وردگ، میر مولا بخش رند انجینئر نصراللہ نظام بھٹو،خالد حسین رند سمیت دیگر رہنما موجود تھے قاسم خان سوری نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی اقتدار کی پجاری جماعتیں ہیں جنہوں نے کبھی بھی عوامی مسائل کے تدارک پر کوئی توجہ نہیں دی سندھ میں پیپلز پارٹی حکومت میں بیٹھی ہوئی ہے وہ کبھی بھی اسمبلیوں سے استعفیٰ نہیں دے گی یہ صرف ان کی باتیں ہیں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے فوج مخالف بیانیہ پر ان کے اپنے ممبران اسمبلی استعفے میں ان کا ساتھ نہیں دیں گے لوگ محب وطن ہیں اور وہ پاکستان کی محافظ پاک آرمی کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش قبول نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ڈھائی سالوں میں ملک کی معیشت کی بہتری کے لیے تمام اقدامات کئے ہیں جون سے اب تک موجودہ حکومت نے ایک روپیہ بھی قرضہ نہیں لیاہے پاکستان میں انڈسٹریز اب اپنے پاؤں پر کھڑی ہو رہی ہے جس کے لیے حکومت انڈسٹری کے شعبے سے وابستہ افراد کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے انہوں نے کہاکہ کورونا وبا کے باعث پوری دنیا کی معیشت تباہ حالی سے دوچار ہو کر رہ گئی ہے مگر پاکستان معیشت میں مزیدسدھار لا رہا ہے جس کا تمام تر سہرہ عمران خان کی حکومت کے سر جاتا ہے انہوں نے کہا کہ 47 سالوں کے بعد کوئی وزیراعظم بلوچستان کے علاقے تربت گیا ہے موجودہ حکومت بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ یہاں کی عوام کو بھی اپنے حقوق مل سکیں کراچی ٹو کوئٹہ تا چمن تک شاہراہ کو ڈبل روڈ کیا جا رہا ہے تاکہ یہاں کی عوام کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے گوادر میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ایک ارب روپے کی لاگت سے کوئٹہ مستونگ قلات گیس پائپ لائن بچھائی کا کام جاری ہے جس کا افتتاح میں نے کیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں