امتحانی مراکز میں دوستانہ ماحول کا قیام اولین ترجیح ہے،یار محمد رند
صوبائی وزیرِ تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ امتحانی مراکز میں دوستانہ ماحول کا قیام اولین ترجیح ہے۔ امتحانی سنٹروں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں امتحانی مراکز کے اچانک دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ثانوی تعلیم غلام علی بلوچ، چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پروفیسر یوسف بلوچ، سیکرٹری بورڈ شوکت سرپرہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے امتحانی مراکز میں دی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو سہولیات کو مزید بہتر کرنے کیلیے اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے امتحانی عملے سے امتحانی مراکز کے حوالے سے تفصیلات بھی حاصل کی۔ سردار یار محمد رند نے بعض سنٹروں میں بچیوں کے لواحقین کے مسائل سنیں اور ان کے حل کیلیے موقع پر ہدایات بھی دیں۔ صوبائی وزیر نے بعض امتحانی مراکز میں خواتین کیلیے انتظار گاہ اور دیگر سہولیات کی عدم فراہمی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ عملے کو فوری طور پر مسئلے کے حل کیلئے ہدایات جاری کیں۔