پیپلز پارٹی کے 70 ارکا ن سندھ اسمبلی نے استعفے پارٹی قیادت کو بھجوا دیئے
کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی کے 7صوبائی وزرا سمیت 70ارکا ن سندھ اسمبلی نے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو بھجوا دیے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی کی جانب سے استعفے جمع کرانے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی وزیر حقوق نسواں شہلا رضا، صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے بھی اسمبلی رکنیت سے استعفی دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسمبلی کی رکنیت اور وزارت پارٹی کی امانت ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو کے حکم پر اپنی استعفی پیش کررہے ہیں۔ارکان سندھ اسمبلی لیاقت آسکانی، شازیہ کریم سنگھار، ہیر سوہو اور محمد ساجد جوکھیو نے بھی اپنے استعفے پارٹی قیادت کے پاس جمع کرادیے ہیں۔ رکن قومی اسمبلی محمود عالم جاموٹ نے بھی پارٹی قیادت کو استعفی بھجوا دیا ہے۔ترجمان بلاول ہاوس کے مطابق پیپلز پارٹی کے 99میں سے 70ارکان نے پارٹی قیادت کو اپنے استعفے بھجوادیے ہیں۔ ان میں سات صوبائی وزرا بھی شامل ہیں۔


