ٹرمپ کے مطالبات غیر معقول اور غیر منصفانہ ہیں، امریکا لڑائی چاہتا ہے تو ہم لڑنے کیلئے تیار ہیں، ایرانی وزارت خارجہ
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایرانی جواب مسترد کیے جانے کے بعد پریس بریفنگ میں واضح کیا ہے کہ ایران اپنے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور ضرورت پڑنے پر مقابلہ بھی کرے گا۔ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ جب بھی ہمیں لڑنے پر مجبور کیا جائے گا، ہم لڑیں گے اور جہاں کہیں بھی سفارت کاری کی گنجائش نظر آئے گی، ہم اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سفارت کاری کے اپنے اصول ہوتے ہیں اور ہمارا ہر فیصلہ قومی مفادات کی بنیاد پر ہوگا کیونکہ ایران نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ واقعات کی وجہ سے علاقے کا امن و استحکام خطرے میں پڑ گیا ہے۔ امریکی مطالبات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ امریکا اب بھی غیر معقول مطالبات کر رہا ہے، جبکہ ایران نے گزشتہ روز پاکستان کے ذریعے ٹرمپ کی تجویز پر جو جواب بھیجا تھا وہ بالکل بھی غیر منصفانہ نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی سلامتی کی بحالی کے لیے خطے کے ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کو بڑھانا ضروری ہے۔


