میر علی میں آپریشن، ٹی ٹی پی کمانڈر حسن المعروف سجنا مارا گیا
راولپنڈی:سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں آپریشن کرکے 4خواتین ورکرزکے قتل میں ملوث کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) حافظ گل بہادر گروپ کے دہشتگرد کمانڈر حسن المعروف سجنا کو ہلاک کردیا، بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود میں برآمد کر لیاگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں کی مصدقہ موجودگی پر خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا جس دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) حافظ گل بہادر گروپ کا دہشتگرد کمانڈر حسن المعروف سجنا ہلاک ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حسن المعروف سجنا گزشتہ روز میر علی میں چار خواتین کارکنوں کے قتل میں ملوث تھا۔ اس کے علاوہ ہلاک ہونے والا دہشتگرد سیکیورٹی فورسز، پر امن شہریوں پرحملوں ، آئی ای ڈیز کے حملوں، اغواء برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشتگردی کی کارروائیوں اور دہشتگردوں کی بھرتیوں میں ملوث تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود میں برآمد کر لیا۔جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو کلیئر کردیا۔


