احساس پروگرام کے تحت امداد کی فراہمی کا آغاز
لاہور ِ احساس پروگرام کے تحت امداد کی فراہمی کا آغاز ہوگیا، ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو فی کس 12 ہزار روپے ملنا شروع ہوگئے، امدادی رقم سنٹرز سے صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک وصول کی جا سکے گی۔مستحقین کو رقوم کی ادائیگی کیلئے ملک بھر میں 17 ہزار مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں سینٹرز کے باہر اچھے انتظامات کئے گئے، پیر محل، بہاولنگر اور چشتیاں میں لوگوں کو لائنوں میں مخصوص فاصلے پر کھڑا گیا گیا۔ خواتین کی بڑی تعداد بھی رقوم کی وصولی کیلئے موجود تھی جنہوں نے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔احساس کفالت پروگرام کے تحت قائم کئے گئے سینٹرز کے باہر پولیس اور پاک فوج کے جوان بھی موجود تھے۔ احساس پروگرام کے تحت ڈھائی ہفتے کے دوران 144 ارب روپے مستحقین میں تقسیم کئے جائیں گے۔مستحق افراد کی طرف سے حکومت کو اب تک ساڑھے 3 کروڑ ایس ایم ایس موصول ہوئے، احساس امداد پروگرام غریب عوام کی مدد کیلئے شروع کیا گیا ہے۔