خصوصی طیارہ چین سے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچ گیا
اسلام آباد:پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا خصوصی طیارہ چین سے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچ گیا ہے۔ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق پرواز پی کے 8852 بیجنگ سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی۔عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ چین کی جانب سے بھیجے گئے امدادی سامان میں وینٹی لیٹر، ماسک، حفاظتی لباس اور ٹیسٹنگ کٹس شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کا ایک طیارہ چند روز پہلے بھی چین سے امدادی سامان لایا تھا۔ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں قوم کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کارگو طیارہ نہ ہونے کے باجود چین سے امدادی سامان کی سپلائی کو یقینی بنایا۔عبداللہ خان نے بتایا کہ جہاز کے کیبن میں سامان رکھ کر لایا گیا۔خیال رہے کہ چند روز قبل بھی قومی ائر لائن (پی آئی اے) کا خصوصی طیارہ چین سے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچا تھا۔پی ا?ئی اے کی پرواز پی کے 8552 چین سے کورونا وائرس سے متعلق امدادی سامان لے کر اسلام آباد پہنچی۔ جہاز میں 20 کنٹینرز پر مشتمل امدادی سامان لایا گیا جس میں ٹیسٹنگ کٹس، گلوز اور ماسک شامل تھے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق کسٹمز کلیئرنس کے بعد سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) حکام کے حوالے کر دیا گیا۔واضح رہے کہ پی آئی اے کا خصوصی طیارہ پاکستان پہنچنے سے ایک روز قبل امدادی سامان لینے چین گیا تھا۔