پشتون و بلوچ قبائل کے سربراہان اپنے گریبانوں میں جھانک کر بتائیں کہ جو مسائل درپیش ہیں ان کے زمہ دار کون ہیں، لالا یوسف خلجی
کوئٹہ:بلوچستان امن جرگہ کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ پشتون اور بلوچ قبائل کے سربراہان اورسیاسی قائدین اپنے گریبانوں میں جھانک کر عوام کو یہ بتائیں کہ انہیں جو مسائل درپیش ہیں اسکے ذمہ دار اغیار یاوہ خود ہیں،صوبے سے نفرتوں اور مسائل کے خاتمے کیلئے سب کو ملکر کردار ادا کرنا ہوگا۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو بلوچستان امن جرگہ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ لالا یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام آج اکیسویں صدی میں بھی تعلیم،صحت،پینے کے صاف پانی،سڑکوں سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جس کے ذمہ دار براہ راست صوبے سے کامیاب ہونے والے سیاسی جماعتوں کے رہنما اورقائدین ہیں۔انہوں نے کہا کہ پشتون اور بلوچ قبائل کے سربراہان اور سیاسی قائدین اپنے گریبانوں میں جھانک کرعوام کو یہ بتائیں کہ بلوچستان کے عوام آج جن مسائل سے دوچارہیں اسکے ذمہ دار اغیاریا وہ خود ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں آباد قبائل کے درمیان پائی جانے والی نفرتوں نے صوبے کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے جس کے باعث نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم کی بجائے آج کلاشنکوفیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے سے نفرتوں کے خاتمے امن،بھائی چارے اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے پشتون بلوچ اوردیگراقوام کے سربراہوں اور سیاسی قائدین کو آپس کے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اپنا کردارادا کرنا ہوگا بصورت دیگر آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔


