خالدہ ضیا علاج کیلئے بیرون ملک نہ گئیں تو ان کی جان کو خطرہ ہے،بنگلہ دیشی ڈاکٹرز
ڈھاکہ: بیمار اپوزیشن رہنما اور سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کا علاج کرنے والے بنگلہ دیشی ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ اگر انہیں علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دی گئی تو ان کی جان کو خطرہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق موجودہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کی سخت مخالف 76 سالہ خالدہ ضیا کو جگر کی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔ان کے ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ انہیں گزشتہ دو ہفتوں میں تین مرتبہ انٹرنل بلیڈنگ (جسم کے اندر خون بہنے) کا سامنا رہا تھا۔ان کے ڈاکٹر فخرالدین محمد صدیقی نے اپنے گھر پر رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’یہاں پر جسم کے اندر خون بہنے کو کنٹرول کرنے اور روکنے کے لیے وسائل اور ٹیکنالوجی نہیں ہے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ان کی میڈیکل ٹیم میں چار دیگر ڈاکٹر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ اس بات کا 50 فیصد امکان ہے کہ خالدہ ضیا کو اگلے ہفتے میں ایک مرتبہ پھر خون بہنے کا سامنا کرنا پڑے گا اور 70 فیصد امکان ہے کہ یہ اگلے 6 ہفتوں میں ہو گا۔


