وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا لہجہ ملک میں خانہ جنگی کا سبب بن سکتا ہے, رانا ثنا
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہیکہ وزیرداخلہ اور وزیراعظم کا لب و لہجہ ملک میں خانہ جنگی کا سبب بن سکتا ہے۔
جیونیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں ایم این ایز کے پاس پرائیویٹ اورسرکاری گارڈز موجود ہوتے ہیں، شیخ رشید نے اس بات کو بہانہ بنایا اور جان بوجھ کر دھاوا بولا تاکہ خوف و ہراس پھیلے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ اور وزیراعظم کا لب ولہجہ ملک میں خانہ جنگی کا سبب بن سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب پارلیمنٹ لاجز میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے محافظ دستے انصار الاسلام کے کارکنوں کی موجودگی پر اسلام آباد پولیس نے آپریشن کرکے متعدد افراد کو گرفتار کیا جنہیں پھر رہا بھی کردیا گیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے پارلیمنٹ لاجز میں پولیس کے آپریشن کے معاملے پر پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام کے دو ارکان قومی اسمبلی کو ہم نے گرفتار نہیں کیا بلکہ وہ خود اپنے شوق سے تھانے میں بیٹھے ہیں، ہماری طرف سے وہ رہا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمان کو بھی گرفتار نہیں کریں گے، ان کی کمپنی کی مشہوری نہیں ہونے دیں گے۔


