خواتین کو سیاسی عمل کا حصہ اور سیاسی شعور سے لیس ہونا ہوگا، کلثوم نیاز بلوچ
پنجگور (انتخاب نیوز )نیشنل پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی سیکرٹری کلثوم نیاز بلوچ نے مکران ریجن کے تنظیمی دورے کے موقع پر نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر رحمت صالح بلوچ کی رہائشگاہ پنجگور میں خواتین ورکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجگور تنظیمی و سیاسی طور پر نیشنل پارٹی کا مضبوط گڑھ ہے۔پنجگور کے عوام سیاسی شعور کی بلندیوں سے مکمل آراستہ ہیں۔ خواتین کو بھی سیاسی عمل کا مکمل حصہ بننا اور سیاسی شعور سے لیس ہونا ہوگا۔ سیاسی عورت ایک باوقار سماج اور محفوظ مستقبل کی ضامن ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ادراک ہونا چاہیے کہ پنجگور نیشنل پارٹی کی حکومت سے قبل سنگین بدامنی سے دوچار تھا، تعلیم و صحت کے شعبے تباہی و تنزلی کا شکار تھے۔لیکن جب پنجگور کے عوام نے نیشنل پارٹی کے امیدوار رحمت صالح بلوچ کو منتخب کیا تو علاقے کی تقدیر بدل گئی اور پنجگور میں امن کا سورج طلوع ہوا اور تعلیم وصحت کے محکموں کو فعال کیا علاقے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا۔انہوں نے کہا کہ لیکن اب دوبارہ پنجگور کو کھنڈر کی طرف دھکیل دیا گیا، اداروں کو سیاسی اقربا پروری و کرپشن کی بھینٹ چڑھایا ہوا ہے جو پنجگور کے ساتھ ظلم ہے۔ اس موقع پر جنت عارف،شائینہ عارف، زہرہ،شمشاد بلوچ،عائشہ قاضی، فاطمہ،فرح ناز ،صبا ظہور اور ثنا شاہد نے بھی خطاب کیا۔


