غیر دستوری حکومتی اقدامات کیخلاف اعلیٰ عدلیہ منصفانہ فیصلہ کرے، متحدہ اپوزیشن
اسلام آباد (انتخاب نیوز) متحدہ اپوزیشن نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ غیرقانونی وغیردستوری حکومتی اقدامات پر سماعت عدالت عظمیٰ کا فل کورٹ سنے۔ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے جاری مشترکہ بیان کے مطابق عمران نیازی نے آج ملک اور آئین کے خلاف کھلی بغاوت کی ہے، آئین کی کھلی بغاوت کی سزا آئین کے آرٹیکل 6 میں درج ہے۔ متحدہ اپوزیشن نے امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ آئین کے ساتھ کھڑی ہوگی اور آئین شکنی کے اقدامات سے پیدا بحران پر منصفانہ فیصلہ کرےگی۔ متحدہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ اعلیٰ عدلیہ عادلانہ اوردستورکی روشنی میں فیصلہ صادر فرمائے گی۔ متحدہ اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ غیرقانونی وغیردستوری حکومتی اقدامات پر سماعت عدالت عظمیٰ کا فل کورٹ سنے۔ وزیر اعظم، صدر اور ڈپٹی اسپیکر کے اقدامات عدالتی فیصلے سے مشروط، کوئی ادارہ غیر آئینی حرکت نہ کرے: چیف جسٹس متحدہ اپوزیشن کے مطابق چیف جسٹس کا صورتحال کا نوٹس لینے کے اقدام کی تحسین کرتے ہیں، چیف جسٹس اوربرادر ججز کے فوری کارروائی اور مختصر حکم کے اجراءکا خیر مقدم کرتے ہیں۔ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران نیازی کی اس بغاوت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، آج ملک کی تاریخ کاسیاہ ترین دن ہے، آئین، جمہوریت، قانون اور سیاسی اخلاقیات کے خلاف بغاوت کی گئی۔ متحدہ اپوزیشن کے بیان کے مطابق اسپیکر سمیت تمام حکومتی ٹولے کے غیرآئینی وغیرپارلیمانی اقدامات اور رویوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، ایوان کے اندر متحدہ اپوزیشن اپنی واضح اکثریت ثابت کرچکی ہے۔


