کنفیوژن سے باہر نکلا جائے

وزیراعظم شہباز شریف بلوچستان کے دورے پرکوئٹہ تشریف لائے اور متعدد اہم منصوبوں کا اعلان کیا،ان میں خضدار کچلاک روڈ کے لئے 200ارب روپے کی فراہمی، بلوچستان میں میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کا قیام، میٹروبس منصوبہ اور طلبا ء میں لیپ ٹاپ کی تقسیم جیسے منصوبے شامل ہے۔وزیر اعظم کی وجہئ شہرت ان کی ترقیاتی کاموں میں خصوصی دلچسپی رہی ہے۔اس حوالے سے پنجاب میں ان کی کارکردگی کسی دوسرے صوبے کے وزیر اعلیٰ سے بہتر رہی۔ انہوں نے وزیر اعظم کا حلف اٹھاتے ہی پشاور موڑ سے نئے اسلام آبادایئر پورٹ تک میٹرو بس شروع کی،ر مضان میں یہ سروس مفت فراہم کی جائے گی۔ تاہم یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ بلوچستان کو وفاق سے بعض بنیادئی شکایات ہیں، انہئیں حل کرنے میں پیشرفت نہ ہونے کے برابر ہے۔سابق حکومت نے تحریری معاہدے اور بار بار یقین دہانیوں کے باوجودان مسائل کو حل کرنے کی بجائے تساہل اور ٹال مٹول سے کام لیا۔اس کے علاوہ یہ بھی غورطلب ہونا چاہیئے کہ مختصر وقفوں کے بعد کوئی نیا واقعہ رونماکیوں ہوجاتا ہے جس سے تلخی مزید بڑھ جاتی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف ایک تجربہ کار اور معاملہ فہم شخصیت ہیں، چبھتے ہوئے مسائل سے واقف ہیں، انہیں چاہیئے ادھر بھی مناسب توجہ دیں تاکہ سیاسی تلخی اور رنجش میں کمی آسکے۔بلوچ عوام کو بھی مساوی شہری ہونے کا احساس ہو،دیرینہ شکایت دور ہونے کی کوئی راہ نکلے۔اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ مسلم لیگ نون کو اس مرتبہ ماضی کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ مشکلات کا سامنا ہے،اول یہ کہ اس بار اتحادیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، سب کو بیک وقت یکساں طور پر خوش رکھنا ممکن نہیں۔دوسرا یہ کہ ملکی معیشت مشکلات ہی نہیں خطرات سے بھی دوچار ہے۔آئی ایم ایف اپنی شرائط میں کوئی نرمی یا رعایت دینے کے لئے تیار نہیں،وزیر مملکت برائے خزانہ مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف کے حکام سے مذاکرات کے لئے واشنگٹن گئے ہوئے ہیں۔ان سے منسوب بیانات سے یہی تأثر ملتا ہے کہ پاکستان کو معاہدے کی تمام شرائط پرمن و عن عمل کرنا ہے۔اس کے معنے یہی ہوتے ہیں کہ شہباز حکومت کو بجٹ سازی سے پہلے ہی ایک سے زائد غیر مقبول فیصلے کرنا ہوں گے جن میں پیٹرولیم مصنوعات، گیس اور بجلی پر دی جانے والی سبسڈی کا خاتمہ بھی شامل ہے۔اس فیصلے پر عمل ہوتے ہی ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آجائے گا۔مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات میں اضافہ سے حکومت کی مقبولیت کو شدیددھچکہ لگے گاجسے پہلے ہی گونا گوں سیاسی اور معاشی مسائل کا سامنا ہے۔پی ٹی آئی رمضان کے مہینے میں احتجاجی مہم چلا رہی ہے۔اپنے جلسوں میں بعض نئے سیاسی سوالات اٹھا رہی ہے،جن میں ام،ریکی سفیر کی جانب سے بھیجا گیا ایک متنازعہ مراسلہ سرفہرست ہے۔چند دنوں کے وقفے سے اس معاملے پر نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے دو اجلاس ہو چکے ہیں۔لیکن معاملہ روز اول کی طرح ایک انچ بھی آگے نہیں بڑھا، دونوں اجلاس کے اعلامیہ میں امریکی مداخلت تسلیم کی گئی ہے۔کسی بھی آزاد، خودمختار حکومت کے لئے غیر ملکی مداخلت قابل قبول نہیں ہوتی، صرف بھکاری پسند کا اختیار نہیں رکھتے کہہ کر معاملہ سرد خانے میں نہیں ڈالا جا سکتا، حکومت کو جرأمندانہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔پنجاب کی صوبائی حکومت کی تشکیل اورحلف برداری بھی ایک یا دوسری بناء پر التواء کا شکار ہے۔کوشش کی جائے کہ اس کا فوری حل نکل آئے۔شہباز حکومت کو خارجہ پالیسی کے حوالے سے بھی امریکہ سے دوٹوک الفاظ میں کہنا پڑے گاکہ یورپی ممالک اور بھارت نے امریکی خوشنودی کے لئے روس سے تجارتی منقطع نہیں کئے۔ انہوں نے سستی گیس اور سستے پیٹرول کو ترجیح دی۔بھارت پاکستان کا ہمسایہ ہے، اگر وہ روس سے تجارت کر سکتا ہے تو پاکستان یہی کام کیوں نہیں کر سکتا؟بھارتی وزیر اعظم ماسکو کا دورہ کر سکتا ہے تو پاکستان کا وزیر اعظم ماسکو کیوں نہیں جا سکتا؟ عوام سڑکوں پر یہی سوال پوچھ رہے ہیں۔صرف یہ کہہ دینا کافی نہیں کہ مراسلے میں ”سازش“ کا لفظ موجود نہیں“۔بجٹ سازی میں یہ اعلانات واضح الفاظ میں درج کئے جائیں کہ قرضوں کی ادائیگی کیسے ہوگی؟خود کفالت کے سوا تمام معاشی فارمولے سری لنکا اور یونان جیسی بدحالی کی طرف لے جاتے ہیں۔اس حقیقت سے آنکھیں بند نہ کی جائیں کہ نامساعد حالات میں قرضوں کی ادائیگی مؤخر کرنے کی درخواست بھی عالمی مالیاتی ادارے قبول نہیں کرتے۔ مقروض ملک کو ڈیفالٹر اور دیوالیہ قراردے دیا جاتا ہے۔ماضی کی غلطیاں دہرانے کا وقت نہیں۔سوال یہ ہے کہ قدرتی وسائل بروئے کار کیوں نہیں لائے جاتے؟50،50سال تک ڈیم کیوں نہیں تعمیر کئے جاتے؟کیا پانی کے بغیر زراعت ممکن ہے؟آج عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں۔مضر صحت پانی خرید کر پیتے ہیں۔سستی بجلی ڈیم فراہم کرتے ہیں، پیٹرول، گیس اور ڈیزل سے چلنے والے بجلی گھروں سے بجلی کے ساتھ گردشی قرضے نتھی ہوتے ہیں، عام آدمی کے لئے مصیبت بن جاتے ہیں۔نون لیگ گردشی قرضے سب سے پہلے ادا کرنے کی شہرت رکھتی ہے۔ کیااس بار بھی یہی کام سب سے پہلے کرے گی؟ماہرین معیشت سے امید کی جا سکتی ہے کہ بے خبری کے گھپ اندھیر ے میں وہ مایوسی پھیلانے سے گریز کریں گے۔ عام آدمی پہلے ہی غیر یقینی حالات سے پریشان ہے۔اسے ہر دم دھڑکا لگا ہے نہ جانے کب کیا ہو گا؟ کیسی خبر سننے کو ملے گی؟عام آدمی کو حقیقی خدشات کا حل بتایا جائے،بے بنیاد خدشات سنا کر مزید پریشان نہ کیا جائے۔مسلم لیگ نون کو مشکلات کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کرنا ہوگا، یاد رہے سب کو بیک وقت خوش رکھنا ممکن نہیں۔ماضی میں یہی دیکھا گیا ہے کہ با لواسطہ ٹیکس ہی حکومتی آمدنی کا واحد ذریعہ رہے ہیں۔ماچس کی ہر ڈبیا اور صابن کی ہر ٹکیہ پر عام آدمی سے ٹیکس وصول کیا جاتا رہاہے،عام آدمی سے وصولی آسان کام ہے، ٹیکس دینے کے قابل طبقے سے ٹیکس وصولی سے ہر حکومت گریزاں رہی ہے۔کیا یہی روایت اس بار بھی دہرائی جائے گی؟ یا کوئی نیا فارمولہ آزمانے کی کوشش کی جائے گی؟بجٹ سازی شروعہونے پہلے ہی جواب ملنا شروع ہو جائیں گے، سب کچھ سامنے آجائے گا۔ٹیکنالوجی کے جدید دور میں عام آدمی سے کچھ نہیں چھپایا جا سکتا، چھپانا درست عمل نہیں، یاد رہے کہ ادائیگی تواول و آخر عام آدمی کو ہی کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں