شاہد خاقان راہداری ضمانت کیلئے عدالت میں پیش

ایم ڈی پی ایس او تعیناتی کیس کی سماعت کے سلسلے میں سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے ہیں۔سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے سابق ایم ڈی پی ایس او تعیناتی کیس میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن ختم ہونے تک راہداری ضمانت کی استدعا کر رکھی ہے۔شاہد خاقان عباسی نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث 12 مئی سے قبل کراچی کی عدالت میں پیش ہونا ممکن نہیں۔انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے استدعا کی ہے کہ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن ختم ہونے تک راہداری ضمانت دی جائے۔سابق وزیرِ اعظم نے عدالتِ عالیہ یہ بھی استدعا کی ہے کہ راہداری ضمانت دی جائے تاکہ لاک ڈاؤن ختم ہونے پر احتساب عدالت میں پیش ہو سکوں۔سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس پر حکومت کی حکمتِ عملی کیا ہے یہ تو سمجھا دیں؟انہوں نے کہا کہ ہمیں تو کورونا وائرس پر کوئی کی حکمتِ عملی نظر نہیں آئی، جب انفیکشن اور ڈیتھ ریٹ بڑھ رہا ہو تو لاک ڈاؤن میں نرمی کیسے کرسکتے ہیں؟سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کیا ہی کب؟ آج تک وزیرِ اعظم کا بیان نہیں آیا کہ لاک ڈاؤن ہونا چاہیے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے تو کہا ہے کہ اشرافیہ نے لاک ڈاؤن لگایا ہے میں نے نہیں، عجیب سی منطق ہے، عجیب سی سوچ ہے، اللّٰہ رحم کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں