خاتون صحافی کے قتل پر الجزیرہ کا جرائم کی عالمی عدالت جانے کا فیصلہ
قطر (انتخاب نیوز) الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ادارے نے اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی خاتون صحافی شیریں ابو عاقلہ کے کیس پر اپنی قانونی ٹیم کو جرائم کی عالمی عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ الجزیرہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارے نے اس سلسلے میں عالمی ماہرین کے ساتھ قانونی ٹیم رکھنے والے ایک بین الاقوامی اتحاد کو بھی آگاہ کردیا ہے جو خاتون صحافی کے قتل کے معاملے پر عالمی عدالت میں جمع کرانے کے لیے ایک ڈوزیئر تیار کررہے ہیں۔ الجزیرہ کاکہنا ہے کہ مئی 2021ء میں غزہ میں الجزیرہ کے دفتر پر اسرائیلی بمباری اور اس کے نتیجے میں دفتر کی مکمل تباہی کو بھی عالمی عدالت میں اٹھایا جائے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وار زون یا مقبوضہ علاقے میں کام کرنے والے صحافی کا قتل یا اس پر حملہ جرائم کی عالمی عدالت کے چارٹر کے آرٹیکل 8 کے تحت جنگی جرم ہے۔ الجزیرہ کی ممتاز خاتون صحافی ابو شیریں عاقلہ کو اسرائیلی فوج نے 11 مئی کو مقبوضہ مغربی کنارے کے پاس فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا۔


