آلودہ نظام کا بوجھ کسی صورت عام آدمی پر ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی، وزیر اعظم

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آلودہ نظام کا بوجھ کسی صورت عام آدمی پر ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی توانائی کے شعبے میں درپیش مسائل پر قابو پانے کیلئے موجودہ حکومت روز اول ہی سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات لے رہی ہے۔ توانائی کے شعبے میں سنگین انتظامی و مالی مسائل ہمیں ورثے میں ملے ہیں۔ اس کے باوجود ہماری اولین ترجیح رہی ہے کہ ان مسائل کی وجہ سے عوام الناس پر کم سے کم بوجھ پڑے،سالہا سال کی کرپشن اور نااہلی نے نظام کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا ہے، کرپشن سے آلودہ نظام اگر ڈیلیور نہیں کر رہا تو آوٹ آف باکس اقدامات کئے جائیں گے،انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو ریاستی ملکیتی اداروں کی کارکردگی میں بہتری کی غرض سے لئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ، اعلی سطح اجلاس میں وزیر توانائی عمر ایوب خان، وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو، وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی ندیم بابر اور سینئر سرکاری افسران شریک تھے۔اجلاس میں وزارت پیٹرولیم اور توانائی کی جانب سے گذشتہ 18ماہ میں ذیلی اداروں میں انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات، محصولات میں اضافے اور ان اداروں کی مجموعی کارکردگی میں بہتری کے ضمن میں لئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں