T20 ورلڈکپ: یو اے ای کے 16 سالہ کرکٹر نے محمد عامر سے اہم اعزاز چھین لیا

متحدہ عرب امارات (ویب ڈیسک) یو اے ای کے 16 سالہ آل راؤنڈر آیان افضل خان مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے والے دنیا کے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔گزشتہ روز آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے مرحلے کے دوسرے میچ میں نیدرلینڈز نے دلچسپ مقابلےکے بعد یو اے ای کو تین وکٹوں سے شکست دی۔
اس میچ میں یو اے ای کی جانب سے آیان خان اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ کھیل رہے تھے، انہوں نے پاکستان کے محمد عامر کا ریکارڑ توڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
آیان نے 16 سال 335 دن کی عمر میں پہلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ کھیلا۔انہوں نے میچ میں 3 اوورز میں 15 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جبکہ 5 رنز بھی بنائے۔اس سے قبل پاکستان کے محمد عامر نے 2009 میں17 سال اور 55 دن کی عمر میں انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا پہلا میچ کھیلا تھا۔