کوئٹہ، یونیسیف کے تعاون سے ماں اور بچے کی صحت کے ہفتہ کا انعقاد

کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پروگرام برائے لیڈی ہیلتھ ورکرز بلوچستان کے کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر سمیع کاکڑ نے کہا ہے کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام یونیسیف کے تعاون سے بلوچستان بھر میں14 سے 19 نومبر تک ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ منارہا ہے اس دوران صوبے کے تمام اضلاع میں مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو بلوچستان کے تمام اضلاع کے ڈی ایچ او اور منتظمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر سمیع کاکڑ نے کہا کہ نیشنل پروگرام برائے لیڈی ہیلتھ ورکرز بلوچستان صوبے میں ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے مختلف پروگراموں پر کام کررہا ہے، صوبے میں 14 سے 19 نومبر تک تمام اضلاع میں ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ منایا جائے گا۔ اس دوران 5 سال تک کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے، پولیو سے بچاﺅ کے قطرے اورمائ¶ کو مختلف بیماریوں سے بچاﺅ کیلئے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہفتے کے دوران بچوں کو پیٹ کے کیڑے کی گولیاں بھی دی جائیں گی، جس کی بدولت بچے مختلف پیچیدگیوں سے بچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایل ایچ ڈبلیو اپنے اپنے اضلاع میں ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ بھرپور طریقے سے منائیں۔ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کے ہفتے کے دوران تمام اضلاع میں واک اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد حصہ لیں گے۔ ڈاکٹر سمیع کاکڑ نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کے ہفتہ کو مانیٹر کرنے کیلئے ایل ایچ ڈبلیو پروگرام کے صوبائی آفس سے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جوکہ ہفتے کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے تمام اضلاع کا دورہ کریں گی اور خصوصاً سیلاب زدہ علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اور صوبے کے دور دراز علاقوں میں ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے مختلف پروگراموں پر کام ہورہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں