اسلام میں خواتین کے حقوق بڑے واضح ہیں، شہلا رضا

کراچی: صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں سیدہ شہلا رضا نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلام میں خواتین کے حقوق بڑے واضح ہیں، اسلامی معاشرہ میں خواتین کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، ماں، بہن اور بیوی کے مقدس رشتہ کو پاکستانی معاشرہ میں ممتاز مقام حاصل ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلامی تعلیمات کو مد نظر رکھتے ہوئے اقدامات عمل میں لائے جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں خواتین کلیدی کردار ادا کررہی ہیں، عدلیہ، مقننہ اور انتظامیہ میں خواتین کا کردار قابل تحسین ہے، پاکستان میں ہر شعبہ میں خواتین کو بھرپور مواقع حاصل ہیں اس ضمن میں شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی خواتین اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور سیاست سمیت ہر شعبہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں لیکن اکثر خواتین اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد رشتہ اذدواج سے منسلک ہو کر امور خانہ داری میں لگ جاتی ہیں جس سے خواتین کو دی جانے والی اعلیٰ تعلیم کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ پاتے ہیں، موجودہ حکومت خواتین کو قومی ترقی میں شانہ بشانہ کام کرنے کی ترغیب فراہم کررہی ہے اس ضمن میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی خواتین کو عملی زندگی میں بھی اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں