خواتین کے حقوق کی ضمانت اسلام و آئین نے دی ہے،شیری رحمن
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عورت مارچ میں شامل خواتین وہ حقوق مانگ رہی ہیں جن کی ضمانت آئین اور اسلام نے دی ہے۔خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عورتوں کے عالمی دن پر پاکستان کی ہر عورت کو سلام پیش کرتی ہوں۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید، فاطمہ جناح اور ملک کی محنت کش عورتوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔شیری رحمان نے کہا کہ محنت کش عورتوں کو سلام جو اپنے کام سے ملک کی معیشت کا پہیا چلا رہی ہیں۔ خواتین تحریک میں شامل نئی نسل جو مطالبات کر رہے ہیں وہ جدید دنیا کیلئے بہت ضروری ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ جلسوں اور عورت مارچ میں شامل شرکا کو سکیورٹی دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہمیں نوجوان نسل کی بات سننی چاہیے۔ ان پر تنقید کرنے اور نظرانداز کرنے سے ایک خلا پیدا ہوگا۔شیری رحمان نے کہا کہ عورت مارچ جبر، کم عمری کی شادیاں، غیرت کے نام پر قتل، گھریلو تشدد کے خلاف ہو رہا ہے۔ یہ مارچ جنسی حراساں کرنے اور ملازمت کی جگہ پر تشدد کے خلاف ہے۔ یہ مارچ معاشی امتیاز، معاشرتی ناانصافی کے خلاف ہو رہا ہے۔پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا ہے کہ یہ مارچ عورتوں کی صحت اور تعلیم تک رسائی کے حق کے لیے ہو رہا ہے۔ اچھا ہوگا ان معاملات پر کھلی فضا میں تمیز اور اخلاق کے دائرے میں بحث کی جائے۔ عورتوں کے حقوق انسانی حقوق ہیں۔شیری رحمان نے کہا ہے کہ کم عمری میں شادی کی وجہ سے عورتیں اپنے اور اپنے بچوں کے فیصلے نہیں کر سکتیں۔ کم عمری میں شادی کے خلاف میرا بل قومی اسمبلی میں تاخیر کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق پر مزید قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے۔ اس معاملے پر مہذب طریقے سے بات کی جائے۔