سوشل میڈیا ودیگر ذرائع سے دنیا میں بلوچستان کو متعارف کرائیں گے،جام کمال
کوئٹہ,وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہم نے بلوچستان کو تجارتی اور تفریحی سرگرمیوں کے لئے کھول دیا ہے، سوشل میڈیا اور کمیونیکیشن کے دیگر ذرائع سے دنیا بھر میں بلوچستان کو متعارف کرائیں گے اور بلوچستان کا مثبت تاثر اجاگر کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشنانڈویژول لینڈ (Individualland) کی سی ای او گل مینہ اسد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گذشتہ روز یہاں ان سے ملاقات کی، مشیر کھیل عبدالخالق ہزارہ، سینیٹر انوارالحق کاکڑ، چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر اور سیکریٹری کھیل عمران گچکی بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیراعلی نے کہا کہ حکومت مختلف شعبوں میں ترقی اور سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کرنے کے لئے کام کررہی ہے جس میں مختلف شعبوں کے ایکسپو کا انعقاد بھی شامل ہے جنہیں ہرماہ منعقد کیا جائے گا جبکہ کھیلوں، سیاحت اور تفریحی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ بلوچستان کے بارے میں جان سکیں اور انہیں بلوچستان آنے کی جانب راغب کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مثبت تاثر اجاگر کرنے کی شدت سے ضرورت ہے، یہاں امن قائم ہوچکا ہے اور اب ملکی اور غیرملکی سیاحوت، سرمایہ کار، تاجر، کھلاڑی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بلوچستان آسکتے ہیں، وزیراعلی نے کہا کہ موسم کی مناسبت سے پورا سال گوادر سے ژوب تک مختلف تفریحی اور سیاحتی سرگرمیوں کے انعقاد کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، گوادر،جھل مگسی اور حب کارریلی ہر سال باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہے اور اس سال جون میں کوئٹہ میں بھی محدود پیمانے پر موٹر ریلی کا انعقاد کیا جائے گا جسے آئندہ سالوں میں وسعت دی جائے گی، اسی طرح زیارت میں ہر سال ہونے والے فیسٹیول کا بڑے پیمانے پر انعقاد کیا جائے گا اور ژوب، مہرگڑھ اور دیگر علاقوں میں موجود آثار قدیمہ کے تحفظ اور انہیں اجاگر کرنے کے لئے فیسٹیول منعقد کئے جائیں گے۔