عبدالباسط مینگل کے قاتلوں کو گرفتار کرکے انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے، ورثاءکی پریس کانفرنس

کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاﺅن میں قتل ہونے والے عبدالباسط مینگل کی بہنوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ انکے بھائی کے قتل میں ملوث جمیل احمد اوراسکے بیٹوں کو فوری طور پر گرفتارکرکے ہمیں انصاف فراہم اور ہمارے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ 12نومبر 2022ءکو کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاﺅن نزد چاندنی چوک پر ہمارے بھائی عبدالباسط مینگل کو ہمارے دوسرے بھائی جمیل احمد نے اپنے بیٹوں کے ہمراہ فائرنگ کرکے قتل کردیا لیکن پولیس ہماری ایف آئی آر درج کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 7بھائی اور بہنیں ہمارے والد نے اپنی جائیداد سب میں برابر تقسیم کردی تھی لیکن جمیل احمد اپنے دیگر بہن بھائیوں کی جائیداد ہتھیانے کیلئے مسلسل اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتا آرہا ہے اور اس نے اپنے دیگر بہن بھائیوںکا جینا مشکل کردیاہے ۔انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم مرحوم میر ظفراللہ جمالی اور دوسرے معتبرین و معززین نے اجمیل احمد کو قرآن کاواسطہ دیکر کہا تھاکہ اپنے دوسرے بہن بھائیوں کو تنگ نہ کرے اورانہیں کسی بھی قسم کا نقصان نہ پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ جمیل احمد نے ہمارے چھوٹے بھائی میر عبدالباسط مینگل کی جائیداد پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جس پر ہمارے بھائی عبدالباسط نے ڈی آئی جی نصیرآباد ، ایس پی ،اور ایس ایچ او کو درخواستیں دی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی عبدالباسط نے عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا اور جمیل احمدکے خلاف کیس عدالت میں زیر سماعت ہے ۔انہوں نے کہا کہ جمیل احمد مسلسل اپنے بھائیوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا رہا ہے ہم بہنوں نے اپنے سرکے ڈوپٹے جمیل احمد کے قدموں میں رکھ کر قرآن کاواستہ دیکر التجاکی کہ بھائیوں کو نقصان مت پہنچائے لیکن جمیل احمد نے کچھ چند پہلے عبدالباسط کو بولا تھا کہ جائیداد سے دستبردارہوجائے بصورت دیگر اسے جان سے ماردیگا جس کی ہم بہن گواہ ہیں آخر کار وہی ہوا جس کا ہمیں ڈرتھا جمیل احمد نے اپنے بیٹوں کے ہمراہ ہمارے چھوٹے بھائی میرعبدالباسط مینگل کا بے دردی سے قتل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ عبدالباسط مرحوم کی بیوہ بھی جمیل احمد سے ملی ہوئی ہے اوراس نے ہمارے دوسرے دوبھائیوں کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کرائی ہے جبکہ جمیل احمد سرعام دندناپھیر رہا ہے اورہمیں مسلسل جان سے مارنے اور نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے میرعبدالباسط مینگل کے قتل کی ایف آئی آردرج کرنے کیلئے تھانے میں درخواست دی لیکن ہماری کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو ماہ قبل جمیل احمد اوراسکے بیٹوں نے ہمارے بھائی عبدالجبار پر بھی قاتلانہ حملہ کیاتھا جس میں وہ معجزانہ طورپر محفوظ رہاتھا اوراس بارے میں ڈیرہ مراد جمالی تھانے میں مقدمہ بھی درج ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان ،ویرداخلہ ،چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ ،آئی جی پولیس سے اپیل کی کہ انکے بھائی میرعبدالباسط مینگل کے قتل میں ملوچ جمیل احمد اوراسکے بیٹوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اورہمیں تحفظ فراہم کیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں