پیپلزپارٹی بلدیاتی انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کریگی، حافظ نعیم الرحمان
اسلام آباد(انتخاب نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی انجینئر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 15جنوری کو کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران ہر پولنگ سٹیشن کے باہر پاک فوج اور رینجرز کے اہلکارکھڑے ہونے چاہئیں تب بات بنے گی وگرنہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے حکومتی اختیارات کو استعمال کر کے اثرانداز ہونے کی کوشش کرے گی اورایم کیو ایم کو بھی کہیں ،کہیں سپورٹ دینے کی کوشش کرے گی،اصل میں تودونوں ایک ہیں اور گزشتہ 35سال سے اکٹھے ہو کرہمیں بیوقوف بنا رہے ہیں اورکراچی کے عوام بیوقوف بنتے رہے، پہلی مرتبہ یہ ہو ا ہے کہ عوام کو پتا چل گیا، نہ سندھی پیپلز پارٹی کی طرف اُس طرح ہے اور نہ مہاجر ،ایم کیوایم کی طرف ہے۔ اب عوام میں اتحاد ہو رہا ہے اوران دونوں میںپھوٹ ڈلے گی۔ ان خیالات کااظہار انجینئر حافظ نعیم الرحمان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میںدوسرے مرحلہ کے بلدیاتی انتخابات 15جنوری کو ہی کروانے کے فیصلے کے بعد ا نٹرویو میں کیا۔انجینئر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم یہی چاہتے ہیں کہ الیکشن ہو اور اب الیکشن کمیشن نے حتمی فیصلہ دے دیا ہے ، اب میں سمجھتا ہوںکہ ایم کیو ایم اورسندھ حکومت کو کوئی نئی نوراکشتی کرتے ہوئے کسی سازش کا حصہ نہیں بننا چاہیے ، میںمسلسل یہ بات دیکھ رہا ہوںکہ فیصلے ہورہے ہوتے ہیں، الیکشن کمیشن بھی کررہا ہوتا ہے ، کبھی الیکشن کمیشن سے کوئی چیز کروالیتے ہیں ، کبھی عدالتوں میں جانے کی کوشش کرتے ہیں ، کبھی کوئی اورکام کرواتے ہیں، میرے خیال میں سارے راستے بندہو گئے ہیں، دومرتبہ ہائی کورٹ میں اِن کوشکست فاش ہو گئی، پھر سپریم کورٹ میں ہار گئے، الیکشن میں دومرتبہ،اگر اب پیپلز پارٹی کہہ رہی ہے کہ ہم الیکشن کرارہے ہیں تواب انہیں حتمی طور پر اعلان بھی کرنا چاہیے یا کسی بھی بلیک میلنگ میںیا کسی بھی ایسے عمل کا حصہ نہیں بننا چاہیے جس کے نتیجہ میں یہ شک ہو کہ یہ دونوںملے ہوئے ہیں ، ویسے تو یہ ملے ہوئے ہی ہیں اور حکومت میں یہ شامل ہیں ، مل جل کر ہی سارے اختیارات پر قبضہ کیا ہے لیکن اب یہ وہ بات ہے جس پران کو ڈٹ جانا چاہیے اورالیکشن کرانے چاہئیں، ایم کیو ایم کو سمجھنا چاہیے کہ عوامی موڈ کیا ہے وہ بھی ان کو سمجھ آگیا ، الیکشن کمیشن کیا کہہ رہا ہے اورعدالتوں نے بھی ان کو بُری طرح ڈانٹ دیا ہے اب وہ الیکشن لڑیں اورجو بھی پوزیشن ہے اس کا سامنا کریں۔


