آزادی مارچ میں توڑ پھوڑ کا کیس، شیخ رشید، اسد عمر و دیگر عدالت میں پیش ہوگئے

اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ میں توڑ پھوڑ اور دفعہ144کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت پر اسد عمر، فیصل جاوید، علی نواز اعوان اور شیخ رشید عدالت میں پیش ہو گئے۔ملزمان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ کی اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی جبکہ شاہ محمود قریشی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔شہر یار آفریدی کے ملک سے باہر اور قاسم سوری کے کوئٹہ میں ہونے کے باعث ان دونوں کی جانب سے بھی استثنیٰ کی درخواست عدالت میں دائر کی گئی۔سماعت میں وقفے کے بعد جب شیخ رشید عدالت میں پیش ہوئے تو جج نے ریمارکس دئیے کہ شیخ رشید صاحب آپ تو صبح اٹھنے والے ہیں۔اس موقع پر شیخ رشید نے کہاکہ ڈائریکٹ 20گھنٹے سے زائد طویل فلائٹ سے عدالت آ رہا ہوں۔جج نے تحریک انصاف کے وکیل سے سوال کیا کہ باقی ملزمان کہاں ہیں؟تحریک انصاف کے وکیل نعیم پنجوتھا نے جواب دیاکہ پرویز خٹک، مراد سعید اور علی محمد خان آ رہے ہیں، جو اس وقت راستے میں ہیں۔جج نے وکیل کو ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جب سماعت کا وقت11بجے ہے تو سب کو ایک ساتھ لائیں۔عدالت نے دیگر ملزمان کے آنے تک ایک بار پھر سماعت میں وقفہ کر دیا۔مراد سعید اور پرویز خٹک بھی حاضری لگا کر کچہری سے روانہ ہوگئے جبکہ کیس کی سماعت4فروری تک ملتوی کردی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں