سریاب و سبزل کی زمینوں کوکو ڑیوں کے دام فروخت نہیں ہونے دینگے، تاجران
کوئٹہ:مرکزی انجمن تاجران و دکانداران بلوچستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت شاہراہوں کی توسیع کے لئے سبزل روڈ اور سریاب روڈ کے رہائشیوں کی اراضی کھوڑیوں کے دام حاصل کرنا چاہتی ہے اور، تاجروں کو اعتماد میں لئے بغیر اراضی کی فی فٹ کا انتہائی قلیل ریٹ مقرر کردیا ہے جوہمیں کسی طور پر قابل قبول نہیں ہے، حکومت اور متعلقہ حکام تاجروں کو متبادل جگہ یا مارکیٹ ریٹ کے مطابق مناسب ریٹ دیں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی انجمن تاجران و دکاندران صدر امرالدین آغا، چیئرمین ٹکری حمید بنگلزئی، حاجی تاج محمد بڑیچ و دیگر نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرامن اور ترقی پسند لوگ ہیں مگر ہم اپنے ساتھ کسی کو ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔ حکومت شاہراہوں کو چوڑا کرنے کے لئے اقدامات ضرور اٹھائیں مگر اس مد میں مقامی لوگوں کے جائیداد کو کھوڑیوں کے حاصل کرنا کسی صورت بھی درست نہیں۔ حکومت نے سریاب روڈ پر فی فٹ کی قیمت 690روپے اور سبزل روڈ پر فی فٹ زمین کی قیمت 1725روپے مقرر کردیا ہے اور اس سلسلے میں انجمن تاجران کو اعتماد میں بھی نہیں لیا گیا اس کے برعکس سابقہ حکومتوں کے ادوار میں جو بھی اس طرح کے منصوبہ شروع کیا جاتا اس سے پہلے تاجران کے ساتھ مشاورت کی جاتی تھی مگر اس مرتبہ حکومت نے تاجروں کے مشاورت کے بغیر منصوبہ پر کام شروع کردیا جو سمجھ سے بالاتر ہے بلکہ مقامی لوگوں کے اباواجداد کی اراضی کا انتہائی قلیل قیمت مقرر کردی ہے جو ہمیں کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے۔ اس لئے حکومت مذکورہ علاقوں کے زمینوں کی مناسب ریٹ مقرر کرنے کے لئے ایک بااختیار کمیٹی تشکیل دیں تاکہ مسئلے کا بہتر حل نکالا جاسکے بصورت دیگر انجمن تاجران و دکانداران بلوچستان متاثرین کے ساتھ مل کر نہ صرف عدالت سے رجوع کریں گے بلکہ اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔