قدوس بزنجو نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں قائم ای شکایت سیل کا باقاعدہ افتتاح کردیا

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں قائم ای شکایت سیل کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے، چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی،وزیراعلءکے پرنسپل سیکرٹری عمران گچکی اور سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی بابر خان بھی اس موقع پر موجود تھے وزیراعلیٰ کو سیل انچارج اللہ داد کاکڑ نے ای شکایت سیل سے متعلق دی جانے والی بریفنگ میں بتایا کہ ابتدائی طور پر شکایت سیل میں محکمہ صحت، تعلیم،بلدیات اور محکمہ داخلہ کو شامل کیا گیا ہے اور کوئی بھی عوامی نوعیت کی شکایت وزیراعلیٰ ای سیل شکایت کو موصول ہوتے ہی متعلقہ محکموں کو انکے اپنے سسٹم پر اپ ڈیٹ ہو جائے گی جس پر بروقت کارروائی کی جا سکے گی اور اس کے ساتھ ساتھ شکایت کا اندراج کرنے والے شخص کو بھی درج کی گئی متعلقہ شکایت سے متعلق معلومات فراہم ہو سکیں گے جب کہ اس کے علاوہ مینول صورت میں جمع کرائے گئے شکایتی فارمز کو ای شکایت سیل پر اپڈیٹ کیا جائے گا بریفنگ میں بتایا کہ بعد ازاں موبائل ایپلیکیشن سمیت دیگر صوبائی محکمے بھی ای شکایت سیل میں شامل کیے جائیں گے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا دفتر ایک عوامی نوعیت کا دفتر ہے اور ہماری یہی کوشش ہے کہ عوامی شکایت کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے اور عوام کے مسائل حل کئے جائیں ای شکایت سیل کے قیام کا مقصد عوامی شکایت پر بروقت کارروائی کرکے ان شکایات کو فوری طور پر حل کرنا ہے اور مینول صورت میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کو موصول ہونے والی شکایات کو بھی اس سیل میں اپ ڈیٹ کیا جائے گا انہوں نے عوام کو پیغام دیا ہے کہ وہ ای شکایت سیل پر اپنی شکایت کا اندراج کرائیں تاکہ اس پر بروقت کاروائی ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں