بلدیاتی انتخابات، چاغی میں الفتح، بابائے چاغی اور عوامی اتحاد پینل نے اکثریت حاصل کرلی
دالبندین L بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں چاغی میں الفتح پینل، بابائے چاغی پینل اور عوامی اتحاد پینل نے 23 میں 12 یونین کونسلز پر کامیاب ہوکر اکثریت حاصل کرلی۔ الفتح پینل نے ایک یونین کونسل ٹاس پر جیتی جبکہ بابائے چاغی پینل نے میونسپل کمیٹی دالبندین بلامقابلہ اپنے نام کردی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ضلع چاغی میں 23 یونین کونسلز میں 12 یونین کونسلز پر چیئرمین اور وائس چیئرمین کے امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے جن میں خان سنجرانی پینل نے 7 جبکہ الفتح پینل نے ایک، بابائے چاغی پینل اور عوامی اتحاد پینل نے دو دو یونین کونسلز پر کامیابی حاصل کرلی۔ 11 یونین کونسلز پر انتخابات میں خان سنجرانی پینل نے چار یونین کونسلز جبکہ الفتح پینل نے تین، بابائے چاغی پینل نے دو جبکہ عوامی اتحاد پینل نے ایک یوسی پر چیئرمین اور وائس چیئرمین کی نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ دوسری جانب بابائے چاغی پینل نے میونسپل کمیٹی دالبندین بلامقابلہ اپنے نام کرلی۔ نتائج کے مطابق فیصل خان نوتیزئی میونسپل کمیٹی دالبندین کے چیئرمین جبکہ سردار حفیظ میرانزئی وائس چیئرمین منتخب ہوئے۔ چاغی کے یونین کونسل پانچ پر چیئرمین کی نشست کے ووٹ برابر ہونے پر ٹاس کرائی گئی جس میں الفتح پینل کے شجاعت حسین شاہ ٹاس جیت کر چیئرمین منتخب ہوگئے۔


