الزام تراشی ،گالم گلوچ سے ملک پہلے ہی بدترین تقسیم کا شکار ہے،شیری رحمان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو اخلاقیات کا درس دینے والے عمران خان روز ٹی وی پر آکر دوسروں پر الزامات کی بوچھاڑ کر دیتے ہیں۔ نئی نسل کیلئے سب کو سیاسی ضابطہ اخلاق بنانے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ الزام تراشی اور گالم گلوچ سے ملک پہلے ہی بدترین تقسیم کا شکار ہو چکا ہے۔ان خیالات کااظہارشیری رحمان نے منگل کے روزٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔شیری رحمان نے کہا کہ امریکی لابنگ فرم سے معاہدہ کے بعد اب عمران خان ”بیرونی سازش”سے مکمل یو ٹرن لے چکے ہیں۔اب کبھی سیاسی مخالفین تو کبھی اسٹیبلشمنٹ پر الزام لگا رہے ہیں۔اگر بیرونی سازش تھی تو موقف سے پیچھے کیوں ہٹ رہے؟ پی ٹی آئی کے کارکنان کو عمران خان سے اس موقف میں تبدیلی پر سوال کرنا چاہئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں