حق دو تحریک گوادر کے ماہی گیروں کی نمائندہ ہے، کسی کو مراعات کی سیاست نہیں کرنے دیں گے، ہدایت الرحمن
گوادر (بیورو رپورٹ) گوادر کے سارے ماہیگیر جب کل حق دو تحریک کی ریلی میں شامل تھے پھر ایک ٹولہ کس حیثیت سے ماہیگیروں کی نمائندگی کرنے وزیراعلیٰ کے پاس پہنچ گیا؟ گوادر میں ماہیگیروں کی نمائندہ صرف حق دو تحریک ہے اور کسی کو ماہیگیروں کے نام پر اب مراعات کی سیاست کرنے نہیں دی جائے گی۔ حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جب گوادر کے ماہیگیر حق دو تحریک کی ریلی میں شامل تھے تو ماہیگیروں کے نام پر مراعات حاصل کرنے والا ایک ٹولہ جو خود کو ماہیگیروں کی نمائندہ تنظیم کہتا ہے وزیراعلیٰ بلوچستان سے گوادر کے ماہیگیروں کے معاملات پر ملاقات کی جس کی نہ کوئی حیثیت اور نہ ہی کویی اہمیت ہے کیونکہ گوادر کے ماہیگیر اس ٹولے کو ایک عرصے سے مسترد کرچکے ہیں۔ مولانا ہدایت الرحمن نے مزید کہا کہ ضلع گوادر کے تمام ماہیگیروں کا اعتماد صرف حق دو تحریک پر ہے کیونکہ حق دو تحریک ہی ان کی بقاءکی جنگ لڑ رہی ہے اور ان کی نمائندگی کررہی ہے اگر ضلع گوادر کے ماہیگیروں کے بارے میں کوئی فیصلہ کرسکتا ہے تو وہ حق دو تحریک ہے، کوئی مراعات یافتہ ٹولہ نہیں۔ سربراہ حق دو تحریک نے واضح طور پر کہا کہ اگر گوادر کے ماہیگیروں کے حقیقی نمائندوں کو اندھیرے میں رکھ کر کوئی بھی فیصلہ یا پروگرام بنایا گیا تو گوادر کے ماہیگیر اس کیخلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے اور جعلی نمائندوں کو شہربدر کریں گے۔


