بلوچستان کے لوگ محکومیت کے خاتمے کا حل علم کے ذریعے تلاش کریں، حاجی لشکری

کوئٹہ: بلوچستان پیس فورم کے سربراہ سینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگ صوبے سے محکومیت کے خاتمے کیلئے علم کا سہارا لے کر قومی بحرانوں کا حل علم کے ذریعے تلاش کریں ۔ یہ بات انہوںنے وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی جانب سے ان کی تصنیفات پر مشتمل کتابوں کا تحفہ دینے کے موقع پر سراوان ہاﺅس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، قبل ازیں پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے اپنی تصنیفات پر مشتمل کتابوں کا تحفہ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کو دیا۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ محرومیوں سے نکلنے کیلئے علم وکتاب کیساتھ اپنا رشتہ جوڑیں وہ لوگ جنہیں یہ احساس ہے کہ بحیثیت قوم ہم تکالیف اور محرومیوں سے گزررہے ہیں انہیں چائیے کہ وہ معاشرے میں کتاب دوست کلچرل کو فروغ دیں تاکہ لوگ درپیش بحرانوں کا حل علم کے ذریعے تلاش کرکے خطے میں ایک باوقار ، پر عظمت قوم کی حیثیت سے زندگی گزاریں ۔ انہوںنے کہاکہ جن قوموں نے علم کا سہار ا لیا ہے انہوںنے نہ صرف ترقی کی ہے بلکہ اپنی محکومیوں کا خاتمہ کرکے باقی دنیا کیلئے مشعل راہ کی حیثیت اختیار کرگئیں۔انہوںنے پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابرکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے فراہم کی جانےوالی کتب کتاب دوست تحریک کا حصہ بن کر صوبے کے تعلیمی اداروں اور لائبریریوں میں بلوچستان کے طلباء، سیاسی کارکنوں، شہریوں کے علم میں اضافہ کا موجب بنیں گی۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کتاب دوست شخصیات، کتب خواں اور صاحب ثروت لوگوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بلوچستان پیس فورم کے زیر اہتمام صوبے میں جاری کتاب دوست تحریک میں اپنا حصہ ڈالیں تاکہ ہم ملکر قومی بحرانوں کو علم و حکمت کے ذریعے ختم کرنے میں اپنا اپنا کردار ادا کرسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں