الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ، پیپلز پارٹی خضدار کے امیدوار میئر و ڈپٹی میئر کے عہدوں پر کامیاب قرار

خضدار : الیکشن کمیشن آف پاکستان ٹریبونل نے سہ جماعتی اتحاد کی اپیل خارج کردی، آر او خضدار کا فیصلہ برقرار، پیپلزپارٹی خضدار کے امیدوار میونسپل کارپوریشن کے میئر و ڈپٹی میئر کے عہدوں پر کامیاب قرار پائے تفصیلات کے مطابق 10 فروری 2023 کو میونسپل کارپوریشن خضدار کے میئر و ڈپٹی میئرشپ کے الیکشن میں پیپلزپارٹی کے امیدوار کامیاب قرار پائے تھے پی پی پی کے میر محمد آصف جمالدینی میئر اور جمیل قادر زہری ڈپٹی میئر کے عہدوں کے لئے امیدوار تھے ۔ بلوچستان نیشنل پارٹی جمعیت علمائے اسلام اور نیشنل پارٹی کی تین جماعتی اتحاد نے میونسپل کارپوریشن خضدار کے میئر و ڈپٹی میئر کی کامیابی کو الیکشن کمیشن ٹریبونل میں چیلنج کرکے اس کامیابی کے خلاف کیس دائر کردیا تھا اور آر او خضدار کے فیصلے کو کلعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا تھا اس کیس کی واحد پیشی یکم مارچ 2023 کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے ہیڈ آفس میں ہوئی تھی اور پہلے ہی روز کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا ۔ آج 24 مارچ کو الیکشن کمیشن ٹریبونل نے فیصلے کو پبلک کرتے ہوئے تین جماعتی اتحاد کے امیدواروں کی درخواست کو مسترد اور آر او کے فیصلے کو برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔ کیس خارج ہونے کے بعد پیپلزپارٹی کے امیدوار میر محمد آصف جمالدینی میئر اور جمیل قادر زہری ڈپٹی میئر خضدار کی کامیابی برقرار رہی ۔ ذرائع کے مطابق ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی آئندہ ایک ہفتے میں کردیا جائیگا ۔ دریں اثنا پیپلزپارٹی خضدار نے اس کامیابی کو کافی متحرک و سرگرم سیاسی رہنما آغا شکیل احمد درانی کی محنت جدوجہد اور سیاسی حکمت عملی کا نتیجہ قرار دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلی بلوچستان نواب ثنا اللہ خان زہری اور آغا شکیل احمد درانی کی سیاسی رفاقت کے باعث یہ کامیابی ممکن ہوئی ہے اور یہ آغاز ہے انشااللہ مستقبل میں مذید کامیابی ملتی رہے گی خضدار کے عوام نے پیپلزپارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اس حوالے سے عوام میں کافی جذبہ جوش و خروش پایا جاتا ہے عوام کی جانب سے ملنے والی پذیرائی سے یہ کامیابی دیرپا ہوگی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں