عدلیہ اور بار میں تقسیم کی وجہ سے مزید ابہام پیدا ہو رہا ہے، شیری رحمان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عدلیہ کا احترام ہے لیکن لارجر بینچ کے ارکان، عدلیہ اور بار میں تقسیم کی وجہ سے مزید ابہام پیدا ہو رہا ہے۔ عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ اپنے اوپر اٹھنے والے سوالات اور ابہام کو دور کرنے کیلئے اس معاملے پر فل کورٹ بینچ بنائے،حکومت پہلے بھی اس معاملے پر فل بینچ کا مطالبہ کر چکی ہے۔ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے منگل کے روز ٹوئٹر پر جاری بیان میں کیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ اب تک بار کونسلز اور قانونی ماہر اس بات پر بھی متفق نہیںہوسکے کہ پنجاب اور کے پی میں انتخابات کا عدالتی فیصلہ 3دو کا ہے یا 4تین کا۔اس آئینی اور انتخابی تنازعہ کا حل صرف فل کورٹ بینچ میں ہے۔دو ججز نے جو عدلیہ کے اختیارات پر سوالات اٹھائے ہیں وہ بھی انتہائی سنجیدہ نوعیت کے ہیں۔شیری رحمان نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کا فرض ہے کے بینچ کے اندر اٹھنے والے اعتراضات پر نظر ثانی کرے، فل کورٹ بینچ نہ بنا تو عدلیہ اور فیصلے کی غیر جانبداری پر مزید سوالات اٹھیں گے، معاملہ سلجھنے کے بجائے مزید الجھ جائے گا، انتخابات اور آئین کے اس معاملے میں مزید ابہام پیدا کرنے کی کوئی گنجائش نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں