توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے سولر اور ونڈ انرجی کی طرف جانا ناگزیر ہے، ہاشم نوتیزئی

کوئٹہ: وفاقی وزیرمملکت برائے توانائی میر حاجی محمد ہاشم نوتیزئی نے کہا ہے کہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے متبادل کے طور پر سولر اور ونڈ انرجی کی طرف جانا ناگزیر ہے ،بجلی چوری پر قابو پانے کے لئے مرحلہ وار ڈیجیٹل میٹر نصب کئے جارہے ہیں، بلوچستان میں لوڈشیڈنگ کی کمی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ،ایران کے ساتھ معاہدے کے تحت مزید 100میگا واٹ بجلی گوادر پسنی جیوانی اور اورماڑہ کو فراہم کردی گئی ہے‘حکومت ملک بھر سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کیا وزیرمملکت برائے توانائی نے کہا کہ ہم پر عزم ہیں کہ ملک بھر سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں اور اس ضمن میں اقدامات بھی کئے جارہے ہیں معمولی نوعیت کی وجہ سے بند بجلی گھروں کو مرحلہ وار فعال کرنے کا سلسلہ جاری ہےجبکہ بجلی کی چوری پر قابو پانے کے لئے مرحلہ وار ڈیجیٹل میٹر نصب کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ میری پوری کوشش ہے کہ بلوچستان میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کیا جائے زمینداروں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں اسی سلسلے میں ایران کے ساتھ معاہدہ بھی کیا گیا ہے جسکے تحت گوادر پسنی جیوانی اور اورماڑہ کو 100 میگا واٹ مزید بجلی فراہمی شروع کردی گئی ہے انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمیں توانائی کی پیدواری صلاحیت بڑھانے کے لئے سولر اور ونڈ انرجی سورس کی طرف دیکھنا ہوگا کیونکہ ہمارے میدانی علاقے شدید دھوپ اور پہاڑی علاقوں میں تیز ہوائیں چلتی ہیں جس سے ہم بجلی حاصل کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں لوڈ مینجمنٹ کی ہدایت جاری کردی ہیں اور حکام کو کہا ہے کہ ٹرانفارمرز کو اوور لوڈ نہ کیا جائے کیونکہ اوور لوڈ کی وجہ سے ٹرانسفارمر جل جاتے ہیں اور صارفین کو مشکل کا سامنا کرنا پرتا ہے انہوں نے کہا کہ صوبے کی عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے اور اسی جذبے کے ساتھ کام کررہے ہیں عوام صارفین کسی بھی شکایت کی صورت میں براہ راست رابطہ کریں فوراً ازالہ کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے زمینداروں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی ہماری ترجیح ہے اس ضمن میں اقداما ت کئے جارہے ہیں ہم پر عزم ہے کہ اس موسم گرما میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں