پاکستان میں کورونا متاثرین چین سے زیادہ

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد کے بعد وائرس کا شکار افراد کی کُل تعداد کورونا کے ابتدائی مرکز چین سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 6 سو سے زائد نئے کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 85 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جو چین میں اب تک ریکارڈ کیے گئے انفیکشنز سے بھی زیادہ ہے۔چین جہاں سے اس وائرس کا آغاز ہوا وہاں اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق متاثرین 84 ہزار ایک سو سے زائد ہیں۔امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے سب سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں چین کا نمبر 18 واں ہے جبکہ پاکستان یومیہ سب سے زیادہ کیسز سامنے آنے کے بعد فہرست میں 17 ویں پوزیشن پر ہے۔پاکستان میں اس موذی وبا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ 82 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی کُل تعداد 1 ہزار 770 ہے۔پاکستان میں ایک روز میں 4 ہزار 6 سو سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو ایک دن میں سامنے آنے والے کیسز میں سب سے زیادہ ہیں جبکہ 30 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 65لاکھ73 ہزار 585ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 3 لاکھ 88ہزار 41 ہو گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں