بجلی اور گیس کی قیمتیں مزید نہیں بڑھائیں گے، وزیراعظم کا اعلان
مہمند،وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں بجلی اور گیس کی قیمتیں مزید نہیں بڑھائی جائیں گی بلکہ انہیں کم کرنی کی کوشش کریں گے،ملک کے نچلے طبقے کو اوپر اٹھائیں گے،کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا جب تک اس کے حکمران کرپٹ ہوں،کبھی بھی اس جماعت کو ووٹ نہ دیں جس کے لیڈروں کے ملک سے باہر بڑے بڑے محلات ہوں،جب انسان چوری نہیں کرتا تو اس کو لندن بھاگنے کی ضرورت نہیں ہوتی،2019ء سب سے مشکل سال تھا،انشااللہ اب اچھا وقت آئے گا، مہنگائی پر ہم قابو پاچکے ہیں اور جن لوگوں نے ذخیرہ کرکے پیسہ بنایا ہے ان سب کو سزائیں دیں گے،دنیا میں جس قوم میں انسانیت اور عدل و انصاف ہوگا اللہ اس قوم کو اوپر اٹھا دے گا،3 اور 4 جی مہمند کے نوجوانوں کا حق ہے، آج کل موبائل کے ذریعے گھر بیٹھے تعلیم مل رہی ہے، یہ مراد سعید ان علاقوں میں 3 اور 4 جی سروس لائیں گے،بھارت میں انتہا پسند آر ایس ایس کا نظریہ، مسلمانوں،عیسائیوں، سکھوں اور دلتوں کے خلاف ہے، یہ ظلم کا نظام اللہ ختم کریگا، افغانستان کے ساتھ تجارت کے لئے سرحد کھولی جائے گی۔ پیر کو یہاں احساس کفالت پروگرام کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے سب سے پہلے علاقے کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے 80 لاکھ کشمیری بھائی، بہن، بچے اور بزرگوں کو تقریباً 7 مہینوں سے بھارتی فوج نے گھروں میں بند کیا ہوا ہے، میں آج اپنے ان دلیر کشمیری مسلمانوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پوری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم دعا کرتے ہیں کہ اس مشکل وقت میں اللہ آپ کو صبر کی ہمت دے اور اس ظلم سے کشمیریوں کو آزاد کرے۔انہوں نے بھارت کے 20 کروڑ مسلمانوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں دہلی میں پولیس کے ساتھ مل کر آر ایس ایس کے غنڈوں نے مسلمانوں پر ظلم کیا اور پوری دنیا نے دیکھا کہ پولیس نے کس طرح غریب مسلمانوں پر ظلم کیا، جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔عمران خان نے کہاکہ انتہا پسند آر ایس ایس کا نظریہ سب کے خلاف ہے، یہ عیسائیوں، سکھوں اور دلتوں کے خلاف ہے لیکن یہ ظلم کا نظام اللہ ختم کرے گا۔وزیر اعظم نے کہاکہ جب قبائلی علاقے پختونخوا میں ضم ہوئے اور الیکشن ہوا تو کوئی نہیں سمجھتا تھا کہ یہاں الیکشن ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اب ہمیں موقع ملا ہے کہ آپ کے علاقے میں ترقی لائیں اور اوپر اٹھائیں اور یہ سیاسی تقریر نہیں بلکہ میرا دینی فرض ہے، پاکستان میں جہاں بھی ہمارے لوگ پیچھے رہ گئے ہیں چاہے بلوچستان، راجن پور و دیگر علاقے ہوں ہم نے سب سے پہلے انہیں اوپر اٹھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج چین سب سے تیزی سے اوپر جارہا ہے، 30 سال پہلے کوئی ایسا تصور نہیں کرتا تھا تاہم ان 30 برسوں میں انہوں نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا اور ریاست کی آمدنی کو نچلے طبقے کو اوپر اٹھانے کے لیے خرچ کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں جس قوم میں انسانیت اور عدل و انصاف ہوگا اللہ اس قوم کو اوپر اٹھا دے گا۔وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ پاکستان جس پر اللہ کی نعمتوں کی بارش ہوئی وی ہے، ملک میں 12 موسم ہیں، اس کے علاوہ سونے سمیت مختلف معدنیات ہیں۔مہمند کے علاقے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں بہترین قسم کا زیتون موجود ہے اور اس کے لیے ہم یہاں پہلے مرحلے میں زیتون کے باغات لگانے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے احساس کے پروگرام کو پورے قبائلی علاقوں میں لارہے ہیں اور کفالت کے پروگرام کے ذریعے سب سے غریب طبقے کو 2 ہزار روپے مہینہ دینے سے اس کا آغاز کر رہے ہیں۔