کورونا وائرس، پی ایس ایل میچز پر حکومت سندھ کے فیصلے پر عمل کریں گے، پی سی بی

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) سے متعلق سندھ حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی اسے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے تیسرے مرحلے کا آغاز کراچی میں 12مارچ سے شروع ہوگا جس کے تحت شہر میں پانچ میچز شیڈول ہیں تاہم شہر قائد میں پی ایس ایل کے میچز رپورٹ ہونے کے بعد ایونٹ کے بقیہ میچز کا شہر میں انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔شہر میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث محکمہ صحت سندھ نے عوامی اجتماعات کے ایونٹ سے گریز کرنے کی تجویز دی ہے۔ترجمان پی سی بی نے بتایاکہ سندھ حکومت سے رابطے میں ہیں اور صوبائی حکومت جو فیصلہ کرے گی اسی پر عمل کریں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ اب تک پی ایس ایل کے میچز کراچی میں ہی شیڈول ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبائی محکمہ صحت نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) جیسے بڑے اجتماعات پر پابندی اور اسکولوں کی تعطیلات میں اضافے کی تجویز دے دی۔9 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 9کیسز کراچی میں سامنے آئے تھے جس کے بعد صوبائی سطح پر تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 اور ملکی سطح پر تعداد 16 ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں