سیدنا عمر فاروق اعظمؓ کے یوم شہادت سرکاری سطح پر منانے اور عام تعطیل کا اعلان کیا جائے، سنی علما کونسل
کوئٹہ (آن لائن) یکم محرم الحرام یوم شہادت سیدنا عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ پر عام تعطیل کا اعلان کر کے سرکاری سطح پر منایا جائے۔ بلوچستان بھر میں یکم محرم الحرام کومدح صحابہ و مطالباتی جلوس نکالے جائیں گے۔ کوئٹہ میں یکم محرم الحرام کا جلوس 3 بجکر 30 منٹ پر خلفائے راشدین چوک اکرم اسپتال سے روانہ ہو کر پریس کلب تک نکالا جائے گا۔ جلوس کی قیادت سنی علما کونسل بلوچستان کے صوبائی صدر مولانا محمد رمضان مینگل، مفتی کلیم اللہ حیدری، علامہ عبدالرحیم ساجد، مولانا سید مقبول الرحمن شاہ، قاری محمد ایوب معاویہ، مرکزی انجمن تاجران کے سردار نصرالدین خان اچکزئی ودیگر صوبائی وضلعی قائدین کریں گے۔ سنی علما کونسل بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا محمد رمضان مینگل، مولانا ثنا اللہ فاروقی، مفتی کلیم اللہ حیدری، حافظ محمد قاسم فاروقی، علامہ عبدالرحیم ساجد ودیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ یکم محرم الحرام کو امیر المومنین مراد رسول صلی اللہ علیہ وسلم داماد علی المرتضیٰ فاتح عرب وعجم امام عادل سیدنا عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ کا یوم شہادت ہے، عوام اہلسنت کا سیدنا عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ کی شہادت پر حکومت پاکستان سے مطالبہ ہے کہ یوم شہادت فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر کے سرکاری سطح پر منایا جائے، یہ ہمارا دیرینہ اور جائز مطالبہ ہے اور عوام اہلسنت کا حق ہے لہٰذا حکومت کو یکم محرم الحرام یوم شہادت عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ پر چھٹی کا اعلان کرنا چاہیے۔


