یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے ٹینڈر کے بغیر جہانگیر ترین سے چینی خریدنے کا فیصلہ واپس لے لیا
اسلام آباد،یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے ٹینڈر کے بغیر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے چینی خریدنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ نجی ٹی و ی کے مطابق چیئرمین یوٹیلٹی اسٹورز ذوالقرنین خان نے کہا کہ اب ایک لاکھ ٹن چینی کی خریداری کے لیے ٹینڈر دیا جائے گا۔اپنے پہلے بیان میں ذوالقرنین خان نے کہا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے لیے شوگر ملز مالکان سے بغیر ٹینڈر چینی کی خریداری کی تجویز سامنے آئی ہے۔چیئرمین یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے کہا کہ شوگر ملز مالکان سے ایک لاکھ ٹن چینی خریدی جائے گی، سمری منظوری کے لیے کابینہ کو بھجوا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ شوگر ملز مالکان نے خود یوٹیلٹی اسٹورز کو سستے نرخ پر چینی دینے کا کہا ہے۔ذوالقرنین خان نے یہ بھی کہا تھا کہ اس سلسلے میں جہانگیر ترین سے 20 ہزار ٹن چینی خریدی جائے گی کیونکہ انہوں نے سب سے کم نرخ 67 روپے کلو میں چینی دینے کی پیشکش کی تھی۔