وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبائی کابینہ کااجلاس کل طلب کرلیا

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے صوبائی کابینہ کااجلاس کل طلب کرلیاہے،اجلاس میں بلوچستان کے آئندہ مالی سال برائے 2020-21ء کے بجٹ اور وفاق کی جانب سے این ایف سی کی مد میں فنڈز میں کٹوتی کے باعث بلوچستان کودرپیش مالی مشکلات ودیگر بارے غوروفکر ہوگا۔ ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ کااجلاس آج طلب کرلیاگیاہے کابینہ اجلاس میں صوبے کی مجموعی صورتحال،کورونا وائرس سمیت صوبائی بجٹ برائے سال2020-21ء اور وفاق کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کے فنڈز سے 29ارب روپے کی کٹوتی اور بلوچستان کودرپیش مالی مشکلات پر سیر حاصل بحث کی جائیگی،ذرائع کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے بجٹ سیشن سے متعلق اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوسکاہے صوبائی کابینہ اجلاس میں بجٹ بنانے اور اس سلسلے میں درپیش مشکلات ومسائل کے حل کیلئے اقدامات ودیگر امور پر غور کرنے کے بعد بجٹ سیشن کیلئے سمری ارسال کی جائیگی واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے این ایف سی ایوارڈ کے تحت رواں مالی سال کے دوران بلوچستان کو قابل تقسیم وفاقی محاصل سے 295ارب 21کروڑ روپے ملے تھے لیکن آئندہ مالی سال برائے 2020-21ء کیلئے صرف265ارب روپے ملیں گے جوکہ رواں مالی سال کے مقابلے میں 29ارب92کروڑ روپے کم ہوں گے وفاق کی جانب سے بلوچستان سے کسٹم ڈیوٹیز کی مد میں 17ارب 99کروڑسیلزٹیکس اور سروسز پر جی ایس ٹی کی مد میں 9ارب47کروڑ روپے جبکہ ٹیکس انکم کی مد میں یہ کمی ایک ارب 83کروڑ روپے کی مد میں فنڈز پر کٹ لگائی گئی ہے،وفاق سے کم فنڈز ملنے کے باعث بلوچستان کی مالی مشکلات میں اضافہ ہوگیاہے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے بجٹ بنانے میں درپیش مشکلات پر صوبائی کابینہ کااجلاس طلب کرلیاگیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں