جا معہ بلوچستان کے وائس چانسلر کا چائنیز اسٹڈی سینٹر کا دورہ

کوئٹہ،جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان نے چائنیز اسٹڈی سینٹر جامعہ بلوچستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر وحید نور، ڈاکٹر جان بخش، ڈی جی انجینئرنگ فاروق بادینی، ڈاکٹر حضرت علی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چائنیز سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد کامران تاج نے انکا استقبال کیا اور سینٹر کے حوالے سے بتایا کہ چائنیز سینٹر میں مختلف کورسز، چائنیز زبان سمیت مختلف ڈپلومہ پروگرامز کے اجراء کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ طلبہ و اساتذہ کے تبادلوں سمیت مختلف تربیتی پروگرامزاور چائنیز زبان کی ترویج کو فروغ دینے سمیت طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع مہیا کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔اور چین اور پاکستان کے اشتراک عمل اور سی پیک منصوبے کے تحت جامعہ میں چائنیز سینٹر کے قیام کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔ جامعہ کے وائس چانسلر نے سینٹر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور اس موقع پر کہا کہ جامعہ بلوچستان کے تعلیمی منصوبوں کو وسعت دینے، علاقائی، قومی اور بین الاقوامی زبانوں کے ترقی و ترویج کو یقینی بنانے کے لئے اسٹڈی سینٹر کا اہم کردار ہے۔ اور یقیناََ چائنیز سینٹر کا قیام بلوچستان میں انتہائی لازم ہے۔ کیونکہ سی پیک منصوبوں میں شراکت داری اور کارآمد انسانی وسائل کی فراہمی سمیت اعلیٰ تعلیم کو ممکن بنانے کے لئے چائنا کے مختلف جامعات کے ساتھ تعلقات استوار کئے ہوئے ہیں۔اور ضرورت اس امر کی ہے کہ سی پیک منصوبوں میں صوبے کے طلبہ کو زیادہ سے زیادہ مواقع مہیا کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ جامعہ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور طلباء و طالبات کو بہتر مستقبل کی جانب راغب کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ کیونکہ ترقی و بہتر معاشرے کے لئے اعلیٰ تعلیم اور ہنر مند افرادی قوت انتہائی ضروری ہے۔ بعدا زاں انہوں نے جامعہ کے نئے تعمیر شدہ عمارتوں کا دورہ کیا اور مستقبل کے لئے نئے شعبہ جات کے قیام اور مستقبل کے تعلیمی پروگرامز کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے تجویز زیر غور لایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں