کورونا وائرس،جرمنی کی آبادی کا 70 فیصد متاثر ہونے کا خدشہ ہے، چانسلر میرکل

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے مطابق کورونا وائرس جرمنی اور یورپ بھی پہنچ چکا ہے اور اشد ترین ضرورت اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔ میرکل نے یہ اپیل بھی کی کہ اب ہر کسی کو انفرادی ذمے داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے آج بدھ گیارہ مارچ کو یہ بات برلن میں ایک پریس کانفرنس میں کہی، جس میں انہوں نے کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے اس جرثومے اور اس کی وجہ سے لگنے والی بیماری کووِڈ انیس کے حوالے سے پہلی بار اپنے موقف کا تفصیلی اظہار کیا۔ چانسلر میرکل نے کہا، ”ہم سب کو یہ بات سمجھنا ہو گی کہ یہ وائرس اب تک جرمنی اور پوری یورپی یونین میں پہنچ چکا ہے۔‘‘

انہوں  نے کہا جب تک اس وائرس کے خلاف کوئی ویکسین یا کوئی دوسرا ممکنہ طریقہ علاج دریافت نہیں کر لیا جاتا، یہ امکان اپنی جگہ موجود ہے کہ آبادی کا ایک بڑا حصہ کورونا وائرس کا شکار ہو سکتا ہے۔ ماہرین نے اس حوالے سے اندازہ یہ لگایا ہے کہ کووِڈ انیس سے مستقبل میں جرمنی کی کُل ملکی آبادی کا 60 فیصد سے لے کر 70 فیصد تک حصہ متاثر ہو سکتا ہے۔

مزید یہ کہ یہ وائرس ایسے ممکنہ مریضوں کے لیے خاص طور پر خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، جو یا تو بزرگ شہری ہیں یا جو پہلے ہی سے کسی نہ کسی بیماری کا شکار ہیں اور جن کی قوت مدافعت کم ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں