اساتذہ کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، سردار یار محمد رند

کوئٹہ:صوبائی وزیرِ ثانوی تعلیم و ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ ثانوی تعلیم کے تدریسی نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تدریس کے شعبے میں اساتذہ کا نئے رجحانات سے بہرہ ور ہونا وقت کی اہم ضروت ہے اساتذہ کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں ٹھوس منصوبہ بندی عمل میں لائی جارہی ہے اساتذہ کی پیشہ ورانہ مہارات اور استعداد کار بڑھانے خصوصا ًانگریزی سائنس اور ریاضی جیسے مضامین کے تدریس کے حوالے سے تربیتی پروگراموں کے انعقاد کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں تعلیم کو دوسرے صوبوں کے برابر لانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہے ہیں صوبائی حکومت معیار تعلیم کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کارلارہی ہے۔ سردار یار محمد رند نے کہا کہ اساتذہ تعلیم کی اہمیت وافادیت کو سمجھتے ہوئے اپنے آپ کو جدید طرز تعلیم کے اصولوں سے بہرہ ور کرتے ہوئے طلبا و طالبات کی استعداد کار بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا ہے کہ صوبے میں شرح خواندگی میں اضافے کیلئے خاطرخواہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ تعلیمی اداروں میں سیولیات کی بہم فراہمی اور اساتذہ کی تعیناتی اور حاضری کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ دور دراز اضلاع کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو دور کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ماضی میں صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی کے نام پر عوام کو د ہو کہ دیا گیا۔ اگر تعلیم پر خصوصی توجہ دی جاتی تو آج صوبے میں خواندگی کی شرح میں اضافہ دیکھنے کو ملتا۔ سابقہ حکومتوں میں بجٹ میں تعلیم کیلئے مختص رقوم کے درست استعمال کو یقینی نہیں بنایا گیا جس کی وجہ سے صوبے میں تعلیمی تنزلی میں اضافہ ہوتا گیا سردار رند نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں تعلیم کے شعبے کیلئے خطیر رقوم مختص کی گئی ہے جن کے بروقت اور درست استعمال سے صوبے میں تعلیمی اداروں کی حالت بہتر ہونے کے علاوہ تعلیمی شرح میں بھی اضافہ ممکن ہوسکے گا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ تعلیم کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ موجودہ حکومت تعلیمی شعبے کی ترقی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ اساتذہ کی غیر حاضریوں پر قابو پانے کیلئے سخت مانیٹرنگ پالیسی اپنائی جارہی ہے جس سے سکولوں میں اساتذہ کی غیرحاضریوں پر کافی حد تک قابو پالیاگیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سکولوں کی حالت زار بہتر کرنے کیلئے تعلیمی اداروں کیلئے مختص رقوم کے درست استعمال پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس کی وجہ سے سکولوں کی حالت کافی حدتک بہتر ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں