امریکی ایوان نمائندگان میں 14.3ارب ڈالر کا اسرائیل ایڈ بل منظور
تل ابیب(این این آئی)اسرائیل حماس تنازع حل کرنے کا مشن،امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن دوسری بار اسرائیل پہنچ گئے۔غیرملکی میڈیاکے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے تل ابیب میں اسرائیلی وزیر اعظم اور اسرائیل کے جنگی فیصلے کرنے والی کابینہ سے ملاقات کی۔مریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ اسرائیل حماس جنگ کو پورے خطے میں پھیلنے سے روکنا ہمارا بنیادی ہدف ہے۔انہوں نے اسرائیل سے عام شہریوں کو نشانہ نہ بنانے کا مطالبہ کیا۔ترجمان وائٹ ہاﺅس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کے دورے کے نتیجے میں غزہ کو انسانی امداد بھیجنے کا رستہ کھل جائے گا،دورہ اسرائیل کے بعد امریکی وزیرخارجہ اردن جائیں گے جہاں وہ عرب اتحادیوں سے ملاقات کریں گے۔ امریکی ایوانِ نمائندگان نے ریپبلکنز کا 14.3 ارب ڈالرز مالیت کا اسرائیل ایڈ بل منظور کر لیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل ایڈ بل کے حق میں 226 اور مخالفت میں 196 ووٹ ڈالے گئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ڈیموکریٹس نے سینیٹ میں اسرائیل ایڈ بل منظور نہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فورسز غزہ کو مسلسل نشانے پر رکھے ہوئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 3 ہزار 7 سو سے زائد بچوں سمیت شہید فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار 2 سو ہو گئی ہے جبکہ 24 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔


