کوئٹہ، مضر صحت مصالحہ جات فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی

کوئٹہ:بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیم نے مشن روڈ اور شارع اقبال میں غیرمعیاری اور مضرصحت مصالحہ جات و چائے کی پتی فروخت کرنے والے مراکز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نو دکانیں سیل کر دیں جبکہ ان پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔مذکورہ مراکز سے گزشتہ روز بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے معائنہ کے دوران چائے کی پتی اور مختلف مصالحہ جات کے نمونے حاصل کیے تھے جن کے بعد ازاں لیبارٹری ٹیسٹ کیے گئے، اشیاء کے لیبارٹری ٹیسٹ کی رپورٹ کے مطابق ان میں مضر صحت اجزا ء پائے گئے جس کی بناء پر مزکورہ دکانوں کو سیل وجرمانہ کیا گیا۔یاد رہے کہ ماہرین صحت کے مطابق ملاوٹ شدہ مصالحہ جات معدہ و جگر کی مختلف بیماریوں کے علاوہ کینسر جیسے مہلک مرض کا سبب بنتے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ ناقص کھلے مصالحہ جات و دیگر غیر معیاری اشیاء کے باعث لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں،بی ایف اے عوام کو معیاری و محفوظ اشیاء خوردونوش کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے، حفظان صحت کے اصولوں کے منافی تیار کی گئی غذائی اشیاء کے کاروبار کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں عوام کو معیاری اور قابل خوراک کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کھانے پینے کے مراکز کی چیکنگ کر رہی ہے اور اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں جس سے اشیاء خوردونوش کے معیار میں گزرتے وقت کے ساتھ نمایاں بہتری آرہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں