قانون کی حکمرانی، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے بغیر ریاستیں نہیں چل سکتی، ڈاکٹر مالک بلوچ
گوادر(نمائندہ انتخاب) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابقہ وزیر اعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی ملک میں قانون کی حکمرانی جمہوریت اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ قانون کی حکمرانی کے بغیر ریاستیں نہیں چل سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر گوادر بار کے ارکان سے خطاب کے دوران کیا۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین کی بالادستی کے لئے وکلا کا اہم کردار رہا ہے اور اب بھی ہے وکلاء معاشرے کی کریم ہیں جو انصاف کی فراہمی کے لئے اپنا کردار اداکر رہے ہیں وکلا کی جدوجہد کو فراموش نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی سیاسی اور جمہوری جماعت ہے جو ملک میں جمہوری اقدار، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے کیونکہ پاکستان میں جمہوری نظام رائج ہے اور کسی بھی جمہوریت میں قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی ناگزیر ہے اس کے بغیر ریاست نہیں چل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں طویل مارشلاوں نے جمہوری اقدار کو کمزور کیا ہے لیکن اس کے خلاف ملک کی جمہوریت پسند قوتوں نے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے جس میں وکلاء نے بھی ہر اول دستے کا کردار اداکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت تک حقیقی جمہوریت بحال نہیں ہوسکتی جب تک ملک میں قانون کی اصل حکمرانی قائم نہ ہو اور آئین کو مقدس تصور نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو آگے بڑھنے کے لئے پیشہ ورانہ اور کوالٹی ایجوکیشن کی ضرورت ہے جس کے حصول کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا شعور اور آگاہی سے ہی درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر گوادر بار کے صدر ایڈوکیٹ محمد صدیق زعمرانی، جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ نعیم شریف اور نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء واجہ ابوالحسن نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں گوادر بار پہنچنے پر گوادر بار کے صدر ایڈوکیٹ محمد صدیق زعمرانی اور گوادر بار کے دیگر ارکان نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ایڈوکیٹ قاسم گاجی زئی، گوادر بار کے سابقہ صدر ایڈوکیٹ عبیداللہ، ایڈوکیٹ مقبول ہوت، ایڈوکیٹ شبیر رند، شے خالد حسین، ایڈوکیٹ رستم بلوچ، ایڈوکیٹ راشد علی دیگر وکلا سمیت نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اشرف حسین، ضلعی جنرل سیکریٹری محمد حیاتان، سابقہ صدر فیض نگوری، نیشنل پارٹی کے رہنماء اقبال شاہ زئی، نیشنل پارٹی تحصیل گوادر کے جنرل سیکریٹری ولید مجید، سینئر رہنماء حاجی شوکت اور بی ایس او پجار کے مرکزی کمیٹی کے ممبر ظریف دشتی بھی موجود تھے۔


